ملک بھرمیں لوڈشیڈنگ ختم کرنے کا فیصلہ،وزیراعظم شوکت عزیز کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس، تھرمل یونٹس کو گیس کی سپلائی بڑھا کر فوری طور پر مزید 5 سو میگاواٹ بجلی پیدا کی جائے گی، اجلاس میں وفاقی وزیر بجلی و پانی سمیت اعلیٰ حکام کی شرکت،بجلی کی قلت دور کرنے کیلئے متبادل ذرائع تلاش کرلئے، لیاقت جتوئی کی اجلاس کے بعد صحافیوں سے گفتگو

منگل 9 جنوری 2007 21:19

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔9جنوری۔2007ء) حکومت نے ملک بھرمیں لوڈشیڈنگ ختم کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ تھرمل یونٹس کو گیس کی سپلائی بڑھا کر فوری طور پر 5 سو میگاواٹ مزید بجلی پیدا کی جائے گی۔ اس بات کا فیصلہ منگل کو یہاں وزیراعظم شوکت عزیز کی زیر صدارت ہونے والے اعلیٰ سطحی اجلاس میں کیا گیا جس میں وزیراعظم نے باقاعدہ طور پر لوڈشیڈنگ نہ کرنے کے فیصلے کی منظوری دی۔

اجلاس میں بجلی کی پیداوار اوردیگر منصوبوں کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کے دوران وزیراعظم نے ملک بھر میں بجلی کی لوڈشیڈنگ نہ کرنے کے فیصلے کی منظوری دی۔ انہوں نے کہا کہ تھرمل یونٹس کو گیس کی سپلائی بڑھاکر فوری طور پر سو میگاواٹ مزید بجلی پیدا کی جائے گی۔ اجلاس میں بجلی و پانی کے وفاقی وزیرلیاقت علی جتوئی نے بھی شرکت کی جنہوں نے بعد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ وزیراعظم نے ملک بھرمیں لوڈشیڈنگ نہ کرنے کے فیصلے کی منظوری دی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ ایران اور ترکمانستان سے بھی بجلی درآمد کی جائے گی اوراس سلسلے میں منصوبہ بنایا جا رہاہے۔ انہوں نے بتایا کہ گرمیوں میں ممکنہ شارٹ فالٹ پر قابو پانے کیلئے ابھی سے منصوبہ بندی کی جا رہی ہے اور ایک جامع پروگرام مرتب کر کے وزیراعظم کو پیش کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت نے ملک سے بجلی کی قلت ختم کرنے کیلئے متبادل بندوبست کریا ہے اس لئے ملک کے کسی بھی حصے میں لوڈشیڈنگ نہیں ہوگی۔

اجلاس کے بارے میں تفصیلات بتاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اجلاں میں ملک میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کا سبب تھرمل بجلی گھروں کو گیس کی فراہمی میں کمی کے باعث ہوئی ہے۔ باوثوق ذرائع نے اجلاس کے بارے میں بتایا کہ اجلاس میں بتایا گیا کہ اس وقت بھی تھرمل پاوراسٹیشن کوروزانہ 65 ملین مکعب فٹ (ایم ایم سی ایف ڈی) گیس کم فراہم کی جا رہی ہیں۔ ذرائع کے مطابق اجلاس کو بتایا گیا کہ تھرمل اسٹیشن کو گیس کی کم فراہمی کے باعث متبادل ذرائع سے بجلی پیدا کی جا رہی ہے جبکہ اجلاس میں موجود اپڈا حکام نے حسب معمول بجلی کی پیداوار کم ہونے کی وجہ سے خراب حالات کا ذکر کیا۔

ذرائع نے بتایا کہ اجلاس میں فیصلہ کیاگیا کہ تھرمل پاوراسٹیشن کو گیس کی فراہمی کا اضافہ کیا جائے گا تاکہ بجلی کی پیداوار میں اضافہ ہو اور لوڈشیڈنگ نہ ہو۔ ذرائع نے بتایا کہ بجلی کے شعبے میں گیس کی فراہمی اورایڈجسٹمنٹ سے تھرمل پاوراسٹیشن 500 میگاواٹ بجلی پیدا کر سکتے ہیں۔ اجلاس کے بعد وفاقی وزیر لیاقت جتوئی نے بتایا کہ لوڈشیڈنگ ملک میں معیشت کیلئے نقصان دہ ہے اوراس مسئلہ سے بچنے کیلئے تمام سرکاری ادارے مشترکہ طور پر کام کر رہے ہیں تاکہ پاور سیکٹر گیس کو ایڈجسٹمنٹ کر سکیں۔

اجلاس میں جنریشن کمپنیز اور آئی پی پیز کو ہدایات دی گئیں کہ وہ اپنے پاوراسٹیشن کو سختی سے مانیٹر کریں۔ اجلاس میں پانی و بجلی کے مشیر، پٹرولیم وزارت کے سیکرٹری، چیئرمین واپڈا، جنرل منیجرتھرمل، سوئی سدرن، سوئی نادرن کمپنیوں کے علاوہ تمام آئی پی پیز کے حکام نے شرکت کی۔