حکومت نے امریکی ایماء پر ملکی سالمیت کو داؤ پر لگادیا ہے، حکمران اسلام دشمنی پر اتر آئے ہیں،قاضی حسین احمد، باجوڑ میں انتخابات نہیں شہداء کے بچوں کے خون کاحساب چاہیے، وفاقی حکومت نے جعلی الیکشن کیلئے بیلٹ بکس پہلے سے بھر کر رکھ دیئے ہیں،جلسہ سے خطاب

منگل 9 جنوری 2007 21:19

نوشہرہ/رسالپور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔9جنوری۔2007ء) متحدہ مجلس عمل کے سربراہ اور امیر جماعت اسلامی قاضی حسین احمد نے کہا ہے کہ مشرف حکومت نے امریکی ایماء پر ملکی سالمیت کو داؤ پر لگادیا ہے اور حکمران اسلام دشمنی پر اتر آئے ہیں ۔جو کسی بھی غیر مند مسلمان کو قبول نہیں۔باجوڑ میں انتخابات نہیں شہداء کے بچوں کے خون کاحساب چاہیے، یہ باتیں انہوں نے منگل کو نوشہرہ میں باجوڑ کے ضمنی انتخابات کے خلاف احتجاجی مظاہرے اور جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہیں۔

قاضی حسین احمد نے کہاکہ موجودہ حکومت کشمیریوں کے خون پر سودا بازی کررہی ہے اور حکمران کشمیر کو بھارت کے حوالے کرنا چاہتے ہیں ۔امریکہ اور جرنیلی آمریت سے پاکستان کو آزاد کرانا ہوگا پاکستان ایک اسلامی ملک ہے اوراسلامی ملک میں عریانیت، فحاشی اور لاطینی قوانین کو مسترد کرتے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ حکمرانوں نے باجوڑ مدرسے پر بمباری کااعتراف کرکے ثابت کردیا کہ وہ امریکی اشاروں پر چل رہے ہیں اور امریکہ کے ہی ایماء پر پاکستان کو سیکولر سٹیٹ بنایا جارہا ہے لیکن ہم ان کی یہ ناپاک کوششیں خاک میں ملا دیں گے قاضی حسین احمد نے کہاکہ دھماکوں اور تخریبی کارروائیوں سے ہمارے حوصلے پسپا نہیں کیے جاسکتے بلکہ اس سے ہمارا عزم اور ایمانی جذبہ مزید مضبوط ہو گا ۔

انہوں نے کہاکہ باجوڑ میں بے گناہ مسلمانوں کے قتل عام کے بعد ایم ایم اے رکن اسمبی کی طرف سے احتجاجاً خالی کی گئی نشست پر کوئی اسلام پسند ضمنی الیکشن میں حصہ نہیں لے گا ۔انہوں نے کہاکہ وفاقی حکومت نے جعلی الیکشن کیلئے بیلٹ بکس پہلے سے بھر کر رکھ دیئے ہیں ۔جلسہ سے صوبائی امیر جماعت اسلامی سراج الحق، ضلعی امیر آصف لقمان قاضی، ضلعی رہنما مولانا انوارالاسلام نے بھی خطاب کیا واضح رہے کہ جلسے کے دوران دو دھماکوں سے بھگڈر مچ گئی تھی جس سے بعض افراد شدید زخمی ہو گئے ۔

جنہیں ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال میں داخل کرادیا گیا ہے ۔اس موقع پر جماعت اسلامی نے ایک قرارداد کے ذریعے دھماکوں کے ملزمان کو دو دن کے اندرگرفتار کرنے کا مطالبہ کیا ۔بعد ازاں قاضی حسین احمد نے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال جا کر دھماکے میں زخمی ہونے والے افراد کی عیادت کی ۔