پاکستان مسلم لیگ اور پیپلزپارٹی آئندہ انتخابات میں مل کر حصہ لیں گی، وزیراعظم شوکت عزیز،الیکشن میں ترقی پسند اورترقی حامی قوتوں کی کامیابی یقینی بنانے کیلئے دونوں جماعتوں کے درمیان اتحاد کو مزید مضبوط بنایا جائے گا، شوکت عزیزکی وزیرداخلہ آفتاب شیرپاؤ کی سربراہی میں پیپلزپارٹی کے وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو

منگل 9 جنوری 2007 23:06

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔9جنوری۔2007ء) وزیراعظم شوکت عزیز نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ اور پاکستان پیپلزپارٹی آئندہ انتخابات میں مل کر حصہ لیں گی اوردونوں جماعتوں کے درمیان موجود اتحاد کو مزید مضبوط بنایا جائے گا تاکہ آئندہ انتخابات میں ترقی پسند اور ترقی کی حامی قوتوں کی کامیابی کو یقینی بنایا جا سکے۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے منگل کے روز یہاں وفاقی وزیر داخلہ آفتاب احمد شیرپاؤ کی قیادت میں پاکستان پیپلزپارٹی سے تعلق رکھنے والے پارلیمنٹرینز، ضلعی اور تحصیل ناظمین پر مشتمل وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔

ملاقات کے دوران ملکی سیاسی صورتحال سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم نے کا کہ پاکستان مسلم لیگ اور پاکستان پیپلزپارٹی آئندہ انتخابات میں مل کر حصہ لیں گی اوردونوں جماعتوں کے درمیان موجود اتحاد کو مزید مضبوط بنایا جائے گا تاکہ آئندہ انتخابات میں ترقی پسند اور ترقی کی حامی قوتوں کی کامیابی کو یقینی بنایا جا سکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت صوبہ سرحد کی ترقی کیلئے اضافی فنڈز مہیاکر رہی ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ ضلعی حکومتیں ہمارے سیاسی نظام کو جمہوری بنیادیں فراہم کر رہی ہیں اور لوگوں کے مسائل بنیادی سطح پر حل کر رہی ہیں۔ وفد کے بعض ارکان نے وزیراعظم سے کہا کہ صوبہ سرحد میں ترقیاتی فنڈز کی برابری کی بنیاد پر تقسیم یقینی بنائی جائے تاکہ صوبے کے تمام حصوں میں متوازن ترقی ہو سکے۔ وزیر داخلہ نے وزیراعظم کو یقین دلایا کہ ان کی جماعت اتحاد اور ملک کو مضبوط بنانے کیلئے کوشش جاری رکھے گی۔