نوشہرہ جلسے میں بم دھماکے وفاقی حکومت نے کرائے، قاضی حسین احمد،نوشہرہ دھماکوں کے حوالے سے قاضی حسین احمد کا بیان انتہائی غیر ذمہ دارانہ ہے، وفاقی وزیر اطلاعات محمد علی درانی

منگل 9 جنوری 2007 23:06

نوشہرہ، لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔9جنوری۔2007ء) متحدہ مجلس عمل کے سربراہ و امیر جماعت اسلامی قاضی حسین احمد نے الزام لگایا ہے کہ نوشہرہ کے جلسے میں دھماکے وفاقی حکومت نے کرائے ہیں جبکہ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات محمد علی درانی نے کہا ہے کہ اس حوالے سے قاضی حسین احمد کا بیان انتہائی غیرذمہ دارانہ اورافسوسناک ہے اور ایسے بیانات کا مقصد صرف سیاسی ہے، صوبے میں امن و امان کی ذمہ داری صوبائی حکومت کی ہے۔

ایک نجی ٹی وی چینل کے مطابق منگل کو اپنے ایک بیان میں قاضی حسین احمد نے الزام لگایا کہ نوشہرہ کے جلسے میں دھماکے وفاقی حکومت نے کرائے ہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسمبلیوں سے استعفے دیں یا نہ دیں ایم ایم اے کو ٹوٹنے نہیں دیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ استعفے دینے کا فیصلہ سپریم کونسل کے اجلاس میں کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

جبکہ نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کے دوران وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات محمد علی درانی نے قاضی حسین احمد کے بیان پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے ان کے بیان کو انتہائی غیر ذمہ دارانہ اورافسوسناک قرار دیا اور کہا کہ ایسے بیانات کا مقصد صرف سیاسی ہے۔

انہوں نے کہا کہ نوشہرہ میں پیش آنے والے واقعہ کے حوالے سے صوبائی حکومت جائزہ لے رہی ہوگی کیونکہ صوبے میں امن و امان اور سکیورٹی کی ذمہ داری صوبائی حکومتوں کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیان دینے کا مقصد صرف سیاسی ہے اور ایسا واقعہ جس میں کسی انسان کو نقصان پہنچا ہو اس واقعہ سے سیاسی مقاصد حاصل کرنا غیر ذمہ دارانہ رویے کیساتھ ساتھ ایک غیرسیاسی اور غیر انسانی رویہ بھی ہے۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ ایسے جو بھی واقعات ہوتے ہیں تو متعلقہ محکمے فوری طور پر رابطے میں ہوتے ہیں۔ محمد علی درانی نے کہا کہ ایسے واقعات دیگر صوبوں اور مرکز میں بھی ہوتے رہے ہیں اس پر ہمیشہ مرکزی حکومت کی طرف سے کوئی بھی بات کرنے سے پہلے احتیاط کا پہلو رکھا گیا ہے اورالزام تراشی نہیں کی۔