نیشنل سکیورٹی کونسل کے اجلاس میں اکرم درانی شرکت کرینگے۔ فضل الرحمن کا انکار۔ فضل الرحمن نے فیصلے سے ایم ایم اے کے قائدین کو آگاہ کردیا ۔ اکرام درانی بجلی کے منافع کے معاملے کیوجہ سے اجلاس میں شرکت کریں گے

ہفتہ 13 جنوری 2007 15:30

اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین13جنوری2007 ) قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر و ایم ایم اے کے سیکرٹری جنرل مولانا فضل الرحمن نیشنل سکیورٹی کونسل کے 18جنوری کو ہونے والے اجلاس میں شرکت نہیں کریں گے جبکہ وزیراعلیٰ سرحد اکرم درانی اجلاس میں شرکت کریں گے۔

(جاری ہے)

ہفتے کے روز جے یو آئی کے ذرائع نے آئی این پی کو بتایا کہ 18 جنوری کو نیشنل سکیورٹی کونسل کے اجلاس میں قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف مولانا فضل الرحمن شرکت نہیں کریں گے فضل الرحمن نے اس فیصلے سے ایم ایم اے کے قائدین کو آگاہ کردیا ہے ایم ایم اے کا موقف ہے کہ نیشنل سکیورٹی کوسل پارلیمنٹ سے بالا ادارہ ہے پارلیمنٹ کی موجودگی میں ایسے ادارے کی ضرورت نہیں ہے ابھی تک اس ادرے سے کوئی مسئلہ حل نہیں ہوا ہے اس لئے فضل الرحمن نے اجلاس میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ وزیراعلیٰ سرحد اکرم درانی اجلاس میں شرکت کریں گے۔

وزیراعلیٰ سرحد صرف اس لئے اجلاس میں شرکت کریں گے کہ وہ تربیلا ڈیم کی بجلی کے منافع کے بارے میں اجلاس کو بتا سکیں۔ واضح رہے کہ سرحد حکومت نے بجلی منافع کے حصول کے لئے سپریم کورٹ میں رٹ دائر کررکھی ہے اکرم درانی صوبے کے دیگر معاملات کے بارے میں بھی اجلاس کو بتائیں گے۔