حکومت صوبائی خود مختاری دینے میں سنجیدہ ہے تو حالات کو درست کرے، میاں رضا ربانی

اتوار 14 جنوری 2007 23:12

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔14جنوری۔2007ء) پیپلز پارٹی پارلیمنٹرین کے مرکزی ڈپٹی جنرل سیکریٹری و سینیٹ میں قائد حزب اختلاف سینیٹر میاں رضا ربانی نے ملکی موجودہ حالات کو انتہائی خطرناک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر حکومت صوبائی خود مختاری دینے میں سنجیدہ ہے تو حالات کو درست کرے ورنہ موجودہ حالات میں سینیٹ سے صوبائی خود مختاری کا بل پاس نہیں ہو سکے گا اور ارکان اس بل کو مسترد کردیں گے بل پاس کرانے کیلئے سیاسی ڈائیلاگ کا آغاز کرنے کے علاوہ تمام صوبوں کو اعتماد میں لینا ضروری ہوگا۔

وہ اتوار کو پیپلز پارٹی پارلیمنٹرین ضلع غربی کے زیر اہتمام باچا خان چوک (بنارس چوک) پر پارٹی کے بانی ذو الفقار علی بھٹو کی 79 ویں سالگرہ کے موقع پر ہونے والی تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

تقریب کی صدارت پارٹی سندھ کے صدر سید قائم علی شاہ نے کی۔ اس موقع پر پارٹی کراچی ڈویژن کے صدر راشد حسین ربانی، کراچی کے جنرل سیکریٹری رفیق انجینئر، غربی کے صدر آفاق خان شاہد، رکن سندھ اسمبلی اختر حسین جدون، وسطی کے صدر فرید انصاری و دیگر نے بھی خطاب کیا۔

رضا ربانی نے ملک میں آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کی ایما پر کی جانے والی بڑے پیمانے پر ڈاؤن سائزنگ اور رائٹ سائزن پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اگر پی آئی اے اور حبیب بینک کے محنت کشوں کو نکالنے کا سلسلہ بند نہیں کیا گیا تو عوام ان اداروں کو اشتعال میں آکر آگ لگا دیں گے یہ ملک سرمایہ داروں نہیں بلکہ غریب عوام کا ملک ہے اور پی پی پی غریبوں کی جماعت ہے۔

انہوں نے کہا کہ امریکی اشاروں پر وزیرستان، فاٹا اور بلوچستان میں خون کی ہولی کھیلی جا رہی ہے۔ انہوں نے حکومت کو متنبہ کیا کہ پاکستان کی سرحدوں میں نیٹو کی فوج کو داخل نہ ہونے دیا جائے۔ مذکورہ علاقوں میں طاقت کے استعمال کے بجائے وہاں کی روایت تہذیب و تمدن، ثقافت کو مد نظر رہتے ہوئے ان علاقوں کے عمائدین سے ڈائیلاگ کا سلسلہ شروع کیا جائے۔

میاں رضا ربانی نے کہا کہ بلوچستان کے سابق وزیر اعلی اختر مینگل سمیت تمام سیاسی اسیروں کو رہا کیا جائے تاکہ وفاق کو بچایا جا سکے اور حکومت سیاسی انتقامی کارروائیوں کا سلسلہ بند کردے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی منی پاکستان ہے یہاں تمام قومیتیں آباد ہیں ان تمام قومیتیوں کو برابری کی سطح پر حقوق دیئے جائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر بے نظیر بھٹو کو وطن واپسی سے روکا گیا تو ہم حکمرانوں کو پاش پاش کردیں گے۔

اپنے صدارتی خطاب میں سید قائم علی شاہ نے کہاکہ عوام کو روٹی، کپڑا اور مکان کا نعرہ ذوالفقار علی بھٹو نے دیا ہے اور پیپلز پارٹی ملک کی وہ واحد جماعت ہے جس کی جڑیں چاروں صوبوں اور آزاد کشمیر میں پھیلی ہوئی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ جہاں غریبوں کے مسائل ہوں گے وہ پیپلز پارٹی موجود ہوگی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کراچی ڈویژن کے صدر راشد حسین ربانی نے کہا کہ پارٹی کی سربراہ بے نظیر بھٹو کی آمد سے قبل کراچی کے نشتر پارک میں عظیم عالی شان جلسہ کا انعقاد کیا جائے گا۔

رفیق انجینئر نے کہا کہ موجودہ صدر کے ٹیسٹ ٹیوب بے بی وزیر اعظم اور وزیر اعلی سندھ کو عوام آئندہ قبول نہیں کریں گے۔ شہریوں کے مسائل سے بے خبر شہری حکومت ہمارا کراچی کے عنوان سے جشن منا رہی ہے تقریب کے موقع پر پاکستان فٹ بال ٹیم کے سابق کپتان اور حبیب بینک فٹبال ٹیم کے موجودہ کوچ یوسف خان نے سینکڑوں ساتھیوں سمیت جلسہ میں شرکت کرتے ہوئے پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔ جس پر شرکا نے کھڑے ہوکر ان کا پرتپاک استقبال کیا۔

متعلقہ عنوان :