پیپلز پارٹی کو فری ہینڈ دیا گیا لیکن ان کے جلسے میں میرا تھن ریس سے بھی کم لوگ آئے،محمد علی درانی،سرحدوں کا مکمل تحفظ کیا جائے گا دہشت گردی کے خلاف جنگ میں غلط فہمیاں ختم کر دی جائیں گی ،پریس کانفرنس

پیر 15 جنوری 2007 18:27

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔15جنوری۔2007ء) وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات محمد علی درانی نے کہا ہے کہ راولپنڈی میں پیپلز پارٹی کو فری ہینڈ دیا گیا لیکن ان کے جلسے میں میرا تھن ریس سے بھی کم لوگ آئے عوام اب نعروں سے گمراہ نہیں ہونگے مسلم لیگ اور اس کی اتحادی جماعتیں ترقی اور استحکام کے ایجنڈے سے میدان میں آئی ہیں ، پاکستان ایک خود مختار ملک ہے اس کی سرحدوں کا مکمل تحفظ کیا جائے گا دہشت گردی کے خلاف جنگ کے حوالے سے غلط فہمیاں ختم کر دی جائیں گی ، پیر کو پاکستان براڈ کاسٹنگ اکیڈمی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اپوزیشن منفی سیاست ختم کردے عوام نے انہیں مسترد کر دیا ہے اپوزیشن آئندہ انتخابات کیلئے عوام کے سامنے اپناایجنڈا لائے انہوں نے کہا کہ تمام بین الاقوامی رپورٹس اور سرویز میں صدر پرویز مشرف اور پاکستان مسلم لیگ کی حکومت کی مقبولیت کا اعتراف کیا گیا ہے کیونکہ ہم قوم کی بے لوث خدمت کررہے ہیں ،2007ء کے دوران نئے ریکارڈ ترقیاتی کام شروع اور مکمل کئے جائیں گے اور اس سال کے دوران عوام کو بااختیار بنانے کیلئے زیادہ سے زیادہ قانون سازی ہوگی ،ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اپوزیشن لاشوں کی سیاست نہ کرے حکومت اور پیپلز پارٹی میں کوئی ڈیل نہیں ہوگی ہر سیاسی پارٹی قوم کے سامنے اپنا منشور اور پروگرام پیش کرے راولپنڈی میں پیپلز پارٹی کے جلسے کیلئے حکومت نے کھلے ذہن کا مظاہرہ کیا ہے لیکن اس میں لوگ میرا تھن ریس سے بھی کم آئے وزیر اطلاعات نے کہا کہ حکومت آئندہ عام انتخابات میں تمام سیاسی جماعتوں کو فری ہینڈ دے گی تاہم انہیں چاہیے کہ وہ ترقی اور استحکام کی سیاست کریں ، عوام ان کے نعروں میں نہیں آئیں گے ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہم نے پہلے ہی کہا تھا کہ اپوزیشن استعفے نہیں دے گی اور جو استعفے دے گا وہ دوبارہ نہیں آئے گا ، باجوڑ انتخابات میں یہ بات ثابت ہو چکی ہے امریکی جنرل کے حالیہ بیان کے بارے میں سوال کے جواب میں وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ میں فرنٹ لائن سٹیٹ ہے ہم اپنا بھرپور کردار ادا کررہے ہیں اگر کوئی غلط فہمیاں ہیں تو انہیں دور کر لیا جائے گا انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک خود مختار ملک ہے اور اس کی سرحدوں کا مکمل تحفظ کیا جائے گا بھارتی وزیر خارجہ کے حالیہ دورہ پاکستان کے بارے میں انہوں نے کہا کہ دنیا نے صدر پرویز مشرف کے امن کے عمل کو تسلیم کیا ہے اور دنیا چاہتی ہے کہ پاکستان اور بھارت مسئلہ کشمیر سمیت تمام تنازعات مذاکرات کے ذریعے پر امن طورپر حل کریں ، قبل ازیں ریڈیو پاکستان کے نئے پروگرام پروڈیوسرز کے چھ ہفتے کے تربیتی پروگرام کے افتتاحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اطلاعات نے کہا ک ریڈیو پاکستان ایک قومی ادارہ ہے جسے قومی یکجہتی اتحاد اور ملکی ترقی کے فروغ کیلئے کردار ادا کرنا چاہیے ریڈیو قومی کاز کو اجاگر کرنے اور ترقیاتی مقاصد کے حصول کیلئے نوجوان نسل کو متحرک اور فعال بنانے میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے انہوں نے کہا کہ ریڈیو پاکستان کو چاہیے کہ وہ غیر جانبدارانہ اور سچی خبریں عوام کے سامنے پیش کر کے اپنا اعتماد اور ساکھ بہتر بنائے ، حکومت مثبت اور تعمیری تنقید کیلئے ریڈیو کی حوصلہ افزائی کرے گی انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے صدر جنرل پرویز مشرف کی قیادت میں خود مختار میڈیا کا ویژن پیش کیا ہے ریڈیو پاکستان کو آزادی اظہار کے فروغ میں قائدانہ کردار ادا کرنا چاہیے اور اتفاق رائے پیدا کرنے کیلئے حکومت سے تعاو ن کرنا چاہئے انہوں نے کہا کہ ریڈیو پاکستان ملک بھر خصوصا دور دراز علاقوں میں ایف ایم ریڈیو نیٹ ورک قائم کرے گا حکومت ریڈیو کو اس مقصد کیلئے جدید ٹیکنالوجی فراہم کرے گی قبل ازیں استقبالیہ پیش کرتے ہوئے ریڈیو پاکستان کے ڈائریکٹر جنرل اشفاق احمد گوندل نے نئے پرڈیوسروں پر زور دیا کہ وہ عزم اور محنت سے کام کریں اور ملک کا صحیح امیج پیش کرنا میڈیا کی اولین ذمہ داری ہے ذرائع ابلاغ عوام کو ترقیاتی سرگرمیوں کیلئے تیار کرتے ہیں اور ملک کو دنیا کی قوموں میں باوقار انداز میں پیش کرتے ہیں ۔