پاکستان پیپلز پارٹی نے اعجازالحق کے خلاف نیب میں درخواست دائرکر دی

جمعرات 18 جنوری 2007 20:28

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔18جنوری۔2007ء) پاکستان پیپلز پارٹی نے وفاقی وزیر برائے مذہبی امور اعجازالحق کے خلاف نیب میں درخواست دائرکر دی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ اعجازالحق نے حج ٹور آپریٹرز کے کوٹے میں یکطرفہ اور غیرشفاف انداز میں ۲۵ہزار کا اضافہ کرکے قومی خزانے کو نقصان پہنچایا اور ۲۵ہزار عوام کو حج کے زیادہ اخراجات خرچ کرنا پڑے۔

یہ پٹیشن ایڈووکیٹ علیم عباسی کے ذریعہ دائر کی گئی۔ پٹیشن میں کہا گیا ہے کہ حکومت نے ایک لاکھ ۵۰ہزار افراد کو پاکستان سے حج کے لئے بھیجنے کا اعلان کیا تھا جس میں ۷۵ہزار افراد وزارت مذہبی امور اور ۷۵ہزار افراد حج ٹور آپریٹر کے ذریعے بھیجے جانے تھے لیکن حج ٹور آپریٹروں کے کوٹے میں ۲۵ہزار کا اضافہ کر دیا گیا اور حج ٹور آپریٹروں کے ذریعے ایک لاکھ افراد گئے جبکہ وزارت مذہبی امور کی جانب سے صرف ۵۰ہزار افرد حج پر گئے۔

(جاری ہے)

پٹیشن میں کہا گیا ہے کہ چونکہ وزارت مذہبی امور کی جانب سے حج پر جانے سے اخراجات کم آتے ہیں اس لئے ۲۵ہزار مزید لوگوں کو زیادہ اخراجات برداشت کرنا پڑے۔ اس کے علاوہ ان ٹور آپریٹروں کے ذریعے مزید لوگوں کو حج پر بھجوایا گیا جو اعجازالحق کے جاننے والے تھے اس طرح قومی خزانے کو بھی کرپشن اور کرپٹ طریقہ کار سے بہت بڑا نقصان پہنچایا گیا۔ پٹیشن میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ اعجازالحق کے خلاف تحقیقات کروائی جائیں اور ان پر عدالت میں مقدمہ دائر کیا جائے۔

متعلقہ عنوان :