سرحداسمبلی میں منظورکیے گئے حسبہ بل کے خلاف صدارتی ریفرنس کی سماعت چیف جسٹس کی سربراہی میں نو رکنی لارجربینچ تشکیل دے دیا

جمعہ 19 جنوری 2007 20:35

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔19جنوری۔2007ء) سرحداسمبلی میں منظورکیے گئے حسبہ بل کے خلاف صدارتی ریفرنس کی سماعت کیلئے چیف جسٹس آف پاکستان افتخار محمد چوہدری کی سربراہی میں نو رکنی لارجربینچ تشکیل دے دیا گیا ہے جو پیر سے صدارتی ریفرنس کی سماعت کرے گا۔چیف جسٹس آف پاکستان کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے فل بینچ نے گزشتہ سماعت پر حسبہ بل کے خلاف حکم امتناعی جاری کیا تھا۔

(جاری ہے)

نجی ٹی وی کے مطابق صوبہ سرحد حکومت کی جانب سے صدارتی ریفرنس کی سماعت ملتوی کرنے کی درخواست بھی دائر کی گئی ہے۔جبکہ 22جنوری سے شروع ہونے والے ہفتے کے دوران سپریم کورٹ کانورکنی لارجر بینچ پتنگ بازی پر پابندی کے ازخودنوٹس کیس ،پٹرول کے نرخوں میں کمی اورقیمتیں تعین کرنے کے فارمولے کے خلاف دائر مسلم لیگ (ن)کے سیکرٹری جنرل اقبال ظفر جھگڑا،پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرین کی سنیٹر رخسانہ زبیری اور پاکستان عوامی حمایت تحریک کے چیئرمین مولوی اقبال حیدر کی آئینی درخواستوں اور ماحولیاتی آلودگی کیس کی سماعت بھی کرے گا۔