پاکستان پیپلز پارٹی کا بے نظیر سے نواز شریف کی اے پی سی میں شرکت نہ کرنے کا مطالبہ

ہفتہ جنوری 16:08

اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین20جنوری2007 ) پاکستان پیپلز پارٹی کی مرکزی مجلس عاملہ اور فیڈرل کونسل نے بے نظیر بھٹو کو نواز شریف کی طرف سے بلائی جانے والی آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت نہ کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ آل پارٹیز کانفرنس اے آر ڈی کے پلیٹ فارم سے نہیں بلائی گئی۔ بے نظیر بھٹو کی شرکت اس بات کا عندیہ دے گی کہ پاکستان پیپلز پارٹی بڑی جماعت ہونے کے باوجود مسلم لیگ (ن) کی سیاست کا حصہ بن رہی ہے پیپلز پارٹی کے کسی نمائندے کو اے پی سی کے اجلاس میں بھیجا جائے۔

ہفتہ کے روز یہاں پاکستان پیپلز پارٹی کی مرکزی مجلس عاملہ اور فیڈرل کونسل کے اجلاس میں شریک ارکان کی اکثریت نے پیپلز پارٹی کی چیئرپرسن بے نظیر بھٹو سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ نواز لیگ کی جانب سے بلائی گئی آل پارٹیزکانفرنس میں خود شرکت نہ کریں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اے پی سی اے آر ڈی کے پلیٹ فارم سے نہیں بلائی گئی ہے بلکہ نواز شریف کی طرف سے بلائی گئی ہے اس کانفرنس میں بے نظیر بھٹو کی شرکت اس بات کا عندیہ دے گی کہ پاکستان پیپلز پارٹی ایک بڑی جماعت ہونے کے باوجود مسلم لیگ (ن) کی سیاست کا حصہ بن رہی ہے اور ان کے ہاتھوں میں کھیل رہی ہے۔

ارکان کی اکثریت نے کہا کہ یہ کانفرنس اے آر ڈی کے پلیٹ فارم سے ہونی چاہئے تھی انہوں نے کہا کہ اگر بے نظیر بھٹو اس کانفرنس میں شرکت کریں گی تو یہ تاثر قائم ہوجائے گا کہ اپوزیشن کی لیڈر شپ مسلم لیگ(ن) کے ہاتھ میں ہے ارکان نے مطالبہ کیا کہ لندن میں بلائی جانے والی کانفرنس میں پاکستان پیپلز پارٹی کے کسی نمائندے کو بھیجا جائے۔