پاکستانی حکمران امریکی حکم پر اپنے مفادات سے پسپائی اختیار کررہے ہیں ۔ قاضی حسین احمد

ہفتہ 20 جنوری 2007 18:33

لاہو ر( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین20جنوری2007 ) متحدہ مجلس عمل کے صدر وامیر جماعت اسلامی پاکستان قاضی حسین احمد نے کہاہے کہ کشمیر پر قبضے میں بھارت کومغربی طاقتوں کی حمایت حاصل ہے اور پاکستانی حکومت امر یکی حکم پر بھارت کی خوشنودی حاصل کرنے کیلئے اپنے مفادات سے مسلسل پسپائی اختیار کررہی ہے ۔مغربی استعمار نے عالم اسلام پر ہمہ جہتی حملہ کیاہے اوروہ اپنی عسکری برتری کے زور پر اگلی صدیوں میں بھی مسلمانوں کواپناغلام رکھنا چاہتے ہیں ۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے منصورہ میں اسلامی جمعیت طالبات کے سالانہ اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔قاضی حسین احمد نے کہاکہ عراق و افغانستان کے بعد امریکی فوج اب ہمارے قبائلی علاقوں میں داخل ہورہی ہے اوروہ جہاں جاتے ہیں حملے کردیتے ہیں ۔

(جاری ہے)

اگرچہ حکومت پاکستان خود اپنے بچوں کو مار رہی ہے لیکن اسے حکم دیا جاتا ہے کہ اور مارو ورنہ ہم ماریں گے ۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی ایجنسیوں نے پورے ملک میں ظلم کا بازار گرم کر رکھا ہے امریکی حکم پر ہزاروں لوگوں کو غائب کر دیا گیا ہے اور ایجنسیاں جب چاہتی ہیں گھر والوں کو اطلاع دیتے بغیر کسی بھی شخص کو اٹھا لیتی ہیں ۔ قاضی حسین نے کہا کہ مغرب مادی قوت کے زور پر مسلمانوں کے عقیدے اور تہذیب و ثقافت کو تبدیل کرنا چاہتا ہے اس کے آلہ کار حکمران روشن خیالی کے نام پر قرآن و سنت کے قوانین میں ترامیم کر رہے ہیں تا کہ پاکستان میں بھی مغرب کی طرح جنسی بے راہ روی پھیلائی جا سکے ہما را خاندانی نظام ان کا خاص ہدف ہے ۔

انہوں نے طالبات پر زور دیا کہ وہ اپنے گھروں کو مغربی تہذیب کی یلغار سے بچانے کیلئے فحاشی کو حکمت اور منصوبہ بندی کے ساتھ روکیں اور معاشرے میں حیا اور حجاب کی تحریک چلائیں ۔