پاک چائنہ دوستی اور باہمی تعاون اقتصادی ترقی اور عالمی امن کے قیام کے حوالے سے نہایت اہم ہے ۔وزیراعلیٰ پنجاب

ہفتہ 20 جنوری 2007 18:33

لاہو ر( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین20جنوری2007 ) وزیر اعلی پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کے مابین دوستی اور باہمی تعاون ملک کی اقتصادی ترقی اور عالمی امن کے قیام کے حوالے سے نہایت اہم ہے۔دونوں ممالک کے مابین اقتصادی اور تجارتی تعاون میں وسعت کے نئے مواقع پیدا ہورہے ہیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے چین کے سبکدوش ہونے والے سفیر مسٹر ژیانگ چیانگ سے گفتگو کرتے ہوئے کیاجنہوں نے ایوان وزیر اعلی میں ان سے الوداعی ملاقات کی۔

وزیر اعلی پنجاب نے کہا کہ صنعتی ترقی کے منصوبوں میں چینی سرمایہ کاروں کی شمولیت کی بھرپور گنجائش کے پیش نظر پنجاب حکومت چینی سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کررہی ہے۔صوبائی حکومت چین کے سرمایہ کاروں کے لئے 500 ایکڑ زمین مفت فراہم کررہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ میرے دورہ چین اور چین کے صدر کے دورہ پاکستان کے دوران طے پانے والے معاہدوں پر عملدرآمد سے دونوں ممالک کے تعلقات میں مزید بہتری آرہی ہے۔

پاکستان او رچین کے درمیان بڑھتے ہوئے تجارتی و اقتصادی تعاون سے دونوں ممالک کی معیشتوں پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔چوہدری پرویز الٰہی نے کہا کہ پاک چین دوستی وقت کی کڑی سے کڑی آزمائش پر پوری اتری ہے۔چین ہمارا قابل اعتماد دوست ہے جس نے ہمیشہ اہم معاملات میں ہمیں دانشمندانہ مشاورت فراہم کی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان او رچین کے باہمی تعلقات صرف حکومتی سطح پر ہی نہیں بلکہ عوام براہ راست احترام اور دوستی کے گہرے رشتوں میں منسلک ہیں۔

یہ امر بھی خوش آئند ہے کہ چین کے سفیر کافی عرصہ پاکستان میں تعینات رہے اور انہوں نے اردو زبان میں عبور حاصل کیا-یہ ان کی یہاں کے عوام اور ثقافت سے محبت کا اظہار ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت بھی چینی زبان کے فروغ کے لئے تعلیمی مراکز قائم کررہی ہے جہاں چینی زبان سیکھنے والے طلباء کو وظائف دیئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ چین کے صوبہ جیانگ سو اور پنجاب کے درمیان زراعت ، ٹیکسٹائل ، زرعی تحقیق اور دیگر شعبوں میں تعاون فروغ پارہا ہے۔

چین کے سبکدوش ہونے والے سفیر مسٹر ژیانگ چیانگ نے کہا کہ پاکستان کی ثقافت اور یہاں کے لوگوں کی محبت میرے لئے قیمتی اثاثہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ یہاں کلچر، زبان اور سماجی حالات سے بے حد متاثر ہوئے ہیں۔چین اور پاکستان کی دوستی وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ گہری اور مضبوط ہورہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم دونوں ممالک کے باہمی تعلقات کو بڑی اہمیت دیتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ مجھے یہاں کے لوگوں نے جو محبت اور پیار دیا ہے وہ مجھے ہمیشہ یاد رہے گا۔