اسرائیل القدس کی اسلامی شناخت مٹانے کے منصوبہ پر عمل پیرا ہے ۔ فلسطینی چیف جسٹس

اتوار 21 جنوری 2007 11:41

الخلیل (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین21جنوری2007 ) فلسطینی چیف جسٹس اور شریعت کورٹ کے چیئرمین شیخ تیسیر التمیمی نے کہا ہے کہ اسرائیل القدس کی اسلامی شناخت مٹانے اور مقدمات اسلامیہ کو ختم کرنے کے منصوبوں پر عمل پیرا ہے- اگر بروقت نوٹس نہ لیا گیا تو فلسطین کی تاریخی تہذیبی شناخت ختم ہو جائے گی- ایک عرب خبر رساں ادارے کے مطابق گزشتہ روز ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے مسلم ممالک سے فلسطین کی اسلامی شناخت کی بقاء کے لیے اسلامی کانفرنس کا اجلاس بلانے کا مطالبہ کیا- شیخ تیسیر تمیمی نے اسرائیلی حکام اور یہودی آباد کاروں کی جانب سے مسجد اقصی کے نیچے سرنگیں کھود نے کے عمل پر سخت تشویش کا اظہار کیا- انہوں نے کہا کہ اسرائیلی نسلی دیوار نے القدس کے شہریوں کا جینا دو بھر کررکھا ہے- اسرائیل دانستہ طور پر اسلامی آثار قدیمہ پر حملے کررہا ہے، جو ہر لحاظ سے مسلمانوں کے لیے ایک تشویش ناک امر ہے-