جنرل مشرف کے موجودہ اسمبلیوں سے دوبارہ منتخب ہونے کی صورت میں سرحد حکومت سمیت تمام اسمبلیوں سے باہر آجائینگے‘ انس نورانی

قاضی حسین احمد ایم ایم کے متفقہ صدر ہیں ۔ کوئی بھی حکومت کامن پسند صدر نہیں آئیگا ۔ پریس کانفرنس سے خطاب

اتوار 21 جنوری 2007 15:23

لاہور(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین21جنوری2007 ) جمعیت علمائے پاکستان ( نورانی ) کے سربراہ مولانا شاہ انس نورانی نے کہا ہے کہ جنرل مشرف نے اگر موجودہ اسمبلیوں سے دوبارہ منتخب ہونے کی کوشش کی تو ایم ایم اے سرحد حکومت سمیت تمام اسمبلیوں سے باہر آ جائیگی ۔جنرل مشرف کی موجودگی میں انتخابات میں حصہ لینے کا بیان مولانا فضل الرحمن کی ذاتی رائے ہے اسکا حتمی فیصلہ ایم ایم اے کی سپریم کونسل کے اجلاس میں کیاجائیگا ۔

شفاف انتخابات ہوئے تو حکمرانوں کی ضمانتیں ضبط ہو جائیں گی اور انکے گھر والے بھی انہیں ووٹ نہیں دینگے ۔ ایم ایم اے کل بھی ایک تھی اور آج بھی ایک ہے قاضی حسین احمد دوبارہ ایم ایم اے کے صدر منتخب ہونگے ۔ وہ گزشتہ روز لاہو رپریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر قاری زوار بہادر ‘ بشیر نظامی اور دیگر بھی موجود تھے ۔ مولانا انس نورانی نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) ‘پیپلز پارٹی اورایم ایم اے اس بات پر متفق ہیں کہ جنرل مشرف کو موجودہ اسمبلیوں سے دوبارہ منتخب نہیں ہونے دیا جائے گا ۔

حکمرانوں کی روشن خیالی ملک کو دیمک کی چاٹ رہی ہے ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ حکومت فحاشی و عریانی کو فی الفور بند کر ے اور شفاف انتخابات کروا کر اقتدار منتخب نمائندوں کے حوالے کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ ملک اس وقت سنگین حالات سے دوچار ہے مہنگائی ‘بے روزگاری ‘غنڈہ گردی ‘دہشتگردی اور بھتہ خوری عروج پر ہے اور حکمران ایسے مسائل پیدا کر کے عوام کی توجہ اصل مسائل سے ہٹارہے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت پاکستان کے اسلامی تشخص کو ختم کرنے پر تلی ہوئی ہے اور ایک ایسے کلچر کو فروغ دیا جارہا ہے جس سے پاکستان اسلامی سٹیٹ نہیں بلکہ سیکولر سٹیٹ بن جائے گا ۔ خواتین کے تحفظ کا بل قرآن و سنت کے منافی ہے اور یہ اپنے آقاؤں خوش کرنے کیلئے لایا گیا ہے ۔ انس نورانی نے کہا کہ وردی اور شیروانی ایک ساتھ نہیں چل سکتی جنرل مشرف پاکستان کے سب سے بڑے دشمن ہیں اور بیرونی آقاؤں خوش کرنے کیلئے ملک کی جڑوں کو کھوکھلا کر رہے ہیں ہم حکمرانوں سے کہتے ہیں کہ وہ سابقہ حکمرانوں سے سبق سیکھیں ۔

انہوں نے کہا کہ حکمرانوں نے اس بات کو سمجھ لیا ہے کہ عوام ان سے چھٹکارا چاہتے ہیں وہ فوری اقتدار سے علیحدہ ہو کر ملک میں شفاف انتخابات کروائیں ۔ انہوں نے کہا کہ قاضی حسین احمد ایم ایم کے متفقہ صدر ہیں کوئی بھی حکومت کے من پسند کا صدر نہیں آئیگا بلکہ قاضی حسین احمد ہی بھرپور طریقے سے آئندہ ایم ایم اے کے دوبارہ صدر منتخب ہونگے ۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے اے پی سی میں شرکت کی دعوت دی ہے ۔

انس نورانی نے مزید کہا کہ ہم جنرل مشرف کو کسی بھی صورت موجودہ اسمبلیوں سے منتخب نہیں ہونے دیں گے اور اس سلسلہ میں اقلیتی اور آزاد اراکین سے بھی رابطے ہیں ۔جنرل مشرف کے موجودہ اسمبلیوں سے دوبارہ منتخب ہونے کی صورت میں کوئی بھی اسمبلیاں نہیں رہیں گی اور تمام اسمبلیوں سے استعفے دیدئیے جائینگے۔انہوں نے کہا کہ حکومت ہمارے اراکین کو ہراساں کرنے کیلئے انہیں اغواء ‘ ٹیلیفون پر دھمکیاں اور ان پر ناجائز مقدمات قائم کر رہی ہے لیکن ہم حکومت کو بتا دینا چاہتے ہیں کہ ہم انکی گیدڑ بھبھکیوں میں نہیں آئینگے ۔

استعفوں کے بعد حکومت کے خلاف تحریک چلائی جائے گی اور آخر میں اسلام آباد کا گھیراؤ ہوگا ۔ محرم الحرام کے بعد ایم ایم اے کی سپریم کونسل کا اجلاس ہوگا جس میں تحریک کیلئے حتمی تاریخ کا اعلان کیا جائے گا ۔ قاری زوار بہادر نے کہا کہ پنجاب میں امن و امان کی صورتحال انتہائی خراب ہے سپریم کورٹ نوٹس لیتے ہوئے پنجاب حکومت کو فوری ختم کرے ۔