چین کی طرف سے تباہ کئے گئے خلائی سیارے کے ملبے سے خلائی اسٹیشن کو کوئی خطرہ نہیں. ناسا

بدھ 24 جنوری 2007 11:27

پیرس(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین24جنوری2007 ) امریکی خلائی ادارے ناسا نے کہا ہے کہ چین کی طرف سے تجربے کے دوران تباہ کئے گئے خلائی سیارے کے ملبے سے بین الاقوامی خلائی اسٹیشن کو فوری طور پر کوئی خطرہ نہیں ہے۔ فرانسیسی خبر رساں ایجنسی کے مطابق گزشتہ روز پیرس میں ناسا کے ایڈمنسٹریٹر مائیکل گریفن نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ان کا ادارہ خلا میں بکھرنے والے ملبے کا وقتاًفوقتاً جائزہ لیتا رہتا ہے۔

(جاری ہے)

اس وقت بین الاقوامی خلائی اسٹیشن کے لئے کسی ملبے سے بچاوٴ کی مشقوں کی ضرورت محسوس نہیں ہورہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین کی طرف سے تجربے کے دوران تباہ کئے گئے سیارے کے ملبے سے فی الوقت بین الاقوامی خلائی سٹیشن کو کوئی خطرات لاحق نہیں ہیں۔ واضح رہے کہ چین نے گیارہ جنوری کو خلا میں خلائی سیارے کو تباہ کرنے والے ہتھیار کا تجربہ کیا تھا جس کے بعد چین امریکہ اور روس کے بعدتیسرا ملک بن گیا ہے جو خلاء میں ٹارگٹ کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

متعلقہ عنوان :