بے نظیر بھٹو سے ڈیل کرنیوالے کا حال نواز شریف جیسا ہو گا،محمد علی درانی،حکومت کے پاس اسلام آباد میں بم دھماکے اور دہشت گردی کے امکانات کی اطلاعات تھیں ، اے پی سی پر لوٹ مار کے دس دس کروڑ روپے خرچ کیے جا رہے ہیں ،میٹ دی پریس میں گفتگو

جمعہ 26 جنوری 2007 20:34

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔26جنوری۔2007ء) وفاقی وزیر اطلاعات محمد علی درانی نے کہا ہے کہ حکومت کے پاس اسلام آباد میں بم دھماکے اور دہشت گردی کے امکانات کی اطلاعات تھیں اور یہاں سیکیورٹی ہائی الرٹ تھا جس کے باعث نقصان کم ہوا ہے، جو بھی بے نظیر بھٹو سے ڈیل کرے گا اس کا حال نواز شریف جیسا ہو گا، اے پی سی پر لوٹ مار کے دس دس کروڑ روپے خرچ کیے جا رہے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کے روز یہاں لاہور پریس کلب میں میٹ دی پریس میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کے سوالوں کے جوابات دیتے ہوئے کیا۔ اس دوران محمد علی درانی نے کہا کہ اسلام آباد میں ہونے والا دھماکا دہشت گردی کا واقعہ ہے اور اس قسم کے واقعات کو پوری دنیا میں کہیں بھی مکمل طور پر روکنا ممکن نہیں۔

(جاری ہے)

پیپلز پارٹی سے ڈیل کے سوال پر انہوں نے کہا کہ جو بھی بے نظیر بھٹو سے ڈیل کرے گا اس کا حال نواز شریف جیسا ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ اے پی سی پر لوٹ مار کے دس دس کروڑ روپے خرچ کیے جا رہے ہیں۔وزیر اطلاعات نے کہا کہ اپوزیشن خود منتشر ہے ، حکومت اپوزیشن کو روزانہ ایلفی سے جوڑتی ہے جو اگلے روز پھر ٹوٹ جاتی ہے۔انہوں نے کہا کہ صدر کا انتخاب آئین و قانون کے مطابق ہو گا اور صدر کے انتخاب پر اپوزیشن کے مطالبات ماورائے آئین اور غیرقانونی ہیں۔انہوں نے کہا کہ فلسطین کے مسئلے کے حل کے لئے حکومت پاکستان کے حماس اور الفتح سمیت تمام گروپوں سے بالواسطہ روابط ہیں اور مسئلہ فلسطین فلسطینیوں کی خواہشات کے عین مطابق حل کیا جائے گا۔