اے پی سی کیلئے تمام جماعتوں سے رابطہ کررہے ہیں‘ پیپلز پارٹی سے کوئی اختلافات نہیں ۔ نواز شریف

اتوار 28 جنوری 2007 12:52

دبئی (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین28جنوری2007 ) سابق وزیراعظم میاں نواز شریف نے کہا ہے کہ کل جماعتی کانفرنس کے حوالے سے تمام جماعتوں سے رابطے ہیں‘ پیپلز پارٹی کے ساتھ کوئی اختلافات نہیں اور نہ ہی ہونے چاہئیں کیونکہ ہمارا مقصد ذاتی اقتدار حاصل کرنا نہیں بلکہ پاکستان کو دوبارہ جمہوریت کی پٹڑی پر چڑھانا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز یہاں دورے کے موقع پر ایک نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہم کل جماعتی کانفرنس کے حوالے سے تمام جماعتوں سے رابطے میں ہیں نواز شریف نے کہا کہ وہ دبئی دورے پر اپنی فیملی سے ملنے آئے ہیں انہوں نے کہا کہ بے نظیر امریکہ جارہی ہیں یا پھر چلی گئی ہیں کیونکہ ان کا امریکہ جانے کا پروگرام تھا جو مجھے پہلے سے معلوم تھا آل پارٹیز کانفرنس کے حوالے سے پیپلز پارٹی کے ساتھ بعض اختلافات کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے ساتھ کوئی اختلافات نہیں ہیں اور نہ ہونے چاہئیں کیونکہ ہمارے مقصد قومی ہیں اور ہمارا مقصد پاکستان کو دوبارہ پٹڑی پر چڑھانا ہے نہ کہ کوئی ذاتی اقتدار حاصل کرنا ہے۔