قاضی حسین احمد کی لال مسجد کے خطیب مولانا عبدالعزیز سے ملاقات

جمعرات 1 فروری 2007 20:54

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔1فروری۔2007ء ) متحدہ مجلس عمل کے صدر اور جماعت اسلامی کے امیر قاضی حسین احمد نے جامعہ حفصہ کی طالبات کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے ایک دن بطور احتجاج لال مسجد میں اعتکاف بیٹھنے کا اعلان کیا ہے۔ یہ اعلان انہوں نے جمعرات کے روز لال مسجد میں مسجد کے خطیب مولانا عبدالعزیز اور طالبات سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

قاضی حسین احمد نے کہا کہ مدرسے کی طالبات پاکستان بھر کے عوام کی عزت اوردینی حمیت رکھنے والے مسلمانوں کی عزت ہیں تمام لوگوں سے میں اپیل کروں گا کہ وہ ان طالبات کی پشت بانی کریں۔ انہوں نے طالبات سے کہا کہ آپ کی تحریک مدرسوں اور مساجد کے تقدس اور ان کی حرمت کی حفاظت کیلئے ہے اور آپ نے اپنے آپ کو اس کیلئے پیش کیا ہے۔ انہوں نے قوم سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ ڈنڈوں کیساتھ 40 دن، 10 دن اور 3 دن کیلئے وقت دیں ۔دریں اثناء لال مسجد کے خطیب مولانا عبدالعزیز سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت روشن خیالی کی آڑ میں دینی حمیت اور عزت ختم کرنا چاہتی ہے برقعہ اور دینی مدارس صدر جنرل پرویزمشرف کے ایجنڈے کیخلاف ہیں۔