مجلس عمل کا جلد بٹوارہ ہونے والا ہے، شیر افگن نیازی۔۔۔ قاضی حسین احمد شمال جبکہ مولانا فضل الرحمان جنوب کی طرف جا رہے ہیں، ایم ایم اے کے پاس کوئی مثبت یا مشترکہ ایجنڈہ نظر نہیں آتا، خواتین کے تحفظ کا پرائیویٹ ممبر بل 6 فروری کو قومی اسمبلی میں پیش کر دیا جائے گا، وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور

جمعہ 2 فروری 2007 23:33

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین۔ 2فروری 2007ء) وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر شیر افگن خان نیازی نے کہا ہے کہ متحدہ مجلس عمل اختلافات کا شکار ہے اور جلد ہی اس کا بٹوارہ ہونے والا ہے، قاضی حسین احمد شمال کی جانب جبکہ مولانا فضل الرحمان جنوب کی طرف جا رہے ہیں، ایم ایم اے کے پاس کوئی مثبت یا مشترکہ ایجنڈہ نظر نہیں آتا، خواتین کے حقوق کے تحفظ کا پرائیویٹ ممبر بل 6 فروری کو قومی اسمبلی میں پیش کر دیا جائے گا اوراسی سیشن سے منظور بھی کرایا جائے گا۔

جمعہ کے روز ایک نجی ٹیلی ویژن چینل سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر شیر افگن نیازی نے کہا کہ متحدہ مجلس عمل اختلافات کا شکار ہے اور جلد ہی اس کا بٹوارہ ہونے والا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایم ایم اے مخالفت برائے مخالفت اور منفی سیاست کو فروغ دے رہی ہے، قاضی حسین احمد شمال کی جانب جا رہے ہیں جبکہ مولانا فضل الرحمان جنوب کی طرف، ان کے درمیان ہم آہنگی نہیں رہی ہے اور نہ ہی ان کے پاس کوئی مثبت یا مشترکہ ایجنڈہ نظر آتا ہے۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر شیر افگن نے بتایا کہ خواتین کے حقوق کے تحفظ کا پرائیویٹ ممبر بل 6 فروری کو شروع ہونے والے قومی اسمبلی کے اجلاس میں پیش کیا جائے گا اور اسی سیشن سے منظور کرایا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ پیمرا کا بل بھی اسی سیشن میں پیش کیا جائے گا۔