عراق کے لئے اضافی افواج بھیجنے کے اخراجات پر کانگریس کے بجٹ کمیٹی‘ وائٹ ہاؤس اور پینٹاگون میں اختلافات ۔عراق میں اضافی بھیجی جانے والی فوج کی تعیناتی پر سالانہ 27 ارب ڈالر خرچ کرنا ہونگے۔ جبکہ وائٹ ہاؤس نے صرف 5.6 ارب ڈالر کاتخمینہ لگایا ہے ۔ بجٹ کمیٹی

ہفتہ 3 فروری 2007 13:18

واشنگٹن ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین03فروری2007 ) عراق کیلئے نئی امریکی پالیسی کے تحت اضافی افواج کی تعیناتی پر تخمینہ سے زیادہ لاگت آنے پر کانگریس کی بجٹ کمیٹی ‘ وائٹ ہاؤس اور پینٹاگون میں مشترکہ اختلافات پیدا ہو گئے ہیں ۔ امریکی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق کانگریس کی بجٹ کمیٹی نے اپنی جاری کردہ رپورٹ میں کہا ہے کہ عراق کے لئے نئی امریکی پالیسی کے تحت اضافی افواج کی تعیناتی پر سالانہ 27 ارب ڈالر خرچ ہونگے جبکہ وائٹ ہاؤس نے فوج کی تعیناتی کے عمل پر صرف 5.6 ڈالرز خرچ ہونے کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔

(جاری ہے)

کمیٹی نے کہا ہے کہ امریکی صدرکی جانب سے عراق میں مزید 21 ہزار 5 سو فوجیوں کی تعیناتی پر امریکہ کو سالانہ 27 ارب ڈالر خرچ کرنا پڑیں گے۔ کیونکہ لڑاکا فوج کے ساتھ ساتھ مددگار فورس بھی عراق بھیجنا پڑے گی۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ پینٹاگون نے بجٹ کمیٹی کو اخراجات کی تفصیلات میں صرف لڑاکا فوج پر خرچ کا تذکرہ کیا ہے جبکہ مددگار فورس کی تعیناتی کا کوئی تذکرہ نہیں ۔ واضح رہے کہ وائٹ ہاؤس نے نئی پالیسی کے تحت عراق جانے والی فوج کی تعیناتی پر 5.6 ارب ڈالر خرچ ہونے کا تخمینہ لگایا تھا۔