اے پی سی کا کوئی ذاتی ایجنڈا نہیں‘ ملک کو خطرات سے نکالنا چاہتے ہیں ۔ نواز شریف۔۔اپوزیشن متحد نہیں ۔ ملک کو بچانے کیلئے اپوزیشن کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا ہونا چاہیے

اتوار 4 فروری 2007 12:55

دوبئی ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین04فروری2007 ) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سربراہ میاں محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ صد رمشرف نے ملک کو خطرات سے دوچار کر دیا ہے ‘ اپوزیشن کی ذمہ داری بنتی ہے کہ ملک کو بچائے ‘ یہ درست ہے کہ اپوزیشن متحد نہیں تاہم مقصد ایک ہی ہے۔ اے پی سی بلانے کا میرا کوئی ذاتی ایجنڈا یا مقصد نہیں ۔ میرا مقصد پاکستان بچانا ہے ‘ حقیقی جمہوریت کی بحالی کیلئے جدوجہد جاری رہے گی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز یہاں ایک نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ نواز شریف نے کہا کہ بحالی جمہوریت کے لئے ہماری جدوجہد جاری رہے گی۔ یہ درست ہے کہ اپوزیشن جماعتیں متحد نہیں ہو رہی ہیں اور اپوزیشن کا موقف ایک نہیں ہے تاہم مقصد ایک ہی ہے کہ پاکستان کو فوجی آمریت سے چھٹکارہ دلایا جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کے متحد نہ ہونے سے غلط تاثر قائم ہو رہا ہے جس سے بحالی جمہوریت کی تحریک سے اس طرح کے نتائج حاصل نہیں ہو رہے جو ہونا چاہیے تھے۔

نواز شریف نے کہا کہ اس لئے ہم نے کوشش کی کہ ایک پلیٹ فارم پر سب اپوزیشن جماعتیں اکٹھی ہوں تاکہ مشترکہ موقف پیش کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ اس لئے آلپارٹیز کانفرنس بلانے کا فیصلہ کیا گیا تھا اس کے لئے میرا کوئی ذاتی ایجنڈا یا مقصد نہیں ہے کیونکہ میرا ایجنڈا اور مقصد پاکستان ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس میں میری کوئی اناء کا مسئلہ نہیں ہے کیونکہ یہ سب کچھ میں ذاتی اقتدار کی خاطر نہیں کر رہا۔

نواز سریف نے کہا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ اپوزیشن کو اس بات سے ہٹ جانا چاہیے کہ اقتدار ان کا مسئلہ ہے کیونکہ اب صرف پاکستان کو بچانا ہے۔ صدر مشرف نے ملک کو خطرات سے دوچار کر دیا ہے ‘ یہ ہماری قومی ذمہ داری ہے کہ ملک کو بچائیں۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں تمام اپوزیشن جماعتوں سے مشورہ کریں گے اور کوئی واضح لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔