بے نظیر بھٹو نواز شریف سے رواں ماہ کے تیسرے ہفتے لندن میں ملاقات کریں گی،امین فہیم کی مسلم لیگ (ن) کے قائد سے ملاقات ، اے پی سی کو زیادہ سے زیادہ کامیاب بنانے کے لئے ہم اپنی بھرپور کوششیں جاری رکھیں گے، سینئر وائس چیئر مین پیپلز پارٹی

اتوار 4 فروری 2007 20:10

بے نظیر بھٹو نواز شریف سے رواں ماہ کے تیسرے ہفتے لندن میں ملاقات کریں ..
دبئی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔4فروری۔2007ء ) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد محمد نواز شریف سے پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرین کے سینئر وائس چیئر مین مخدوم امین فہیم نے دبئی میں ملاقات کی جس میں ملک میں بحالی جمہوریت اور آزادانہ منصفانہ انتخابات کو یقینی بنانے کے لئے بلائی گئی اے پی سی کانفرنس پر بات چیت کی گئی مسلم لیگ (ن) کی طرف سے جاری کئے گئے بیان کے مطابق محمد نواز شریف نے کہاکہ اے پی سی کا مقصد ملک کی اپوزیشن جماعتوں کو مشترکہ پلیٹ فارم فراہم کر نا ہے جس کے ذریعے ملک کو موجودذہ فوجی آمریت سے نجات دلوا کر آزاد منصفانہ انتخابات کے ذریعے ملک میں منتخب حکومت کو قائم کر نے کے لئے مشترکہ جدو جہد کا آغاز کیا جاسکے انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ نواز نے اے پی سی کی میزبانی کسی سیاسی مصلحت کے تحت نہیں بلکہ اپوزیشن کی تمام جماعتوں کو ملک کو درپیش سنگین سیاسی اور داخلی چیلنجوں سے نمٹنے کے لئے مشترکہ لائحہ عمل مرتب کر نے کے لئے موقع فراہم کر نے کے لئے کیا ہے انہوں نے کہاکہ اے پی سی کی میزبانی ایشو نہیں چونکہ اے آر ڈی کی دیگر تمام جماعتیں اور اے آر ڈی کے علاوہ سیاسی جماعتیں اپنی شرکت کو کنفرم کر چکی ہیں اے پی سی کا اصل ہدف وہ مقاصد ہیں جن کے لئے اے پی سی کا اجلاس بلایا جارہا ہے اے پی سی کی سفارشات اور ڈیکلیریشن اے پی سی میں شریک ہونے والی تمام جماعتوں کے ساتھ مشاورت سے ترتیب دئیے جائیں گے محمد نواز شریف نے کہاکہ میری خواہش ہے پاکستان حقیقی جمہوریت کی پٹڑی پر چل جائے چونکہ موجودہ حالات سے ملک کا وفاق کمزور ہورہا ہے اور جنرل مشرف کی نگرانی میں آزاد منصفانہ انتخابات کی توقع رکھنا خود کو دھوکہ دینا ہے اور پاکستان میں غیر متنازعہ انتخابات اسی صورت میں ہو سکتے ہیں جب نگران حکومت جنرل مشرف کو ہٹا کر قائم ہو چونکہ جنرل مشرف کی موجودگی میں کوئی نگران حکومت آزاد منصفانہ انتخابات کو یقینی نہیں بنا سکتی انہوں نے کہاکہ جنرل مشرف سے مذاکرات یا ڈیل کا مقصد ان کے غیر آئینی نظام کا حصہ بننے کے مترادف ہو گی جنرل مشرف کسی صورت اپنے اختیارات اور منصوبوں سے دستبر دار نہیں ہو نگے لہذا اپوزیشن کی تمام جماعتوں کومل کر ان سازشوں کا مقابلہ کر نا ہوگا پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرین کے سینئر وائس چیئر مین مخدوم امین فہیم نے کہاکہ اے پی سی سے متعلق معاملات کو طے کر نے کے لئے پیپلز پارٹی کی چیئرپرسن بے نظیر بھٹو فروری کے تیسرے ہفتے محمد نواز شریف سے لندن میں ملاقات کریں گی اس ملاقات میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ اے پی سیے کے ڈیکلیئر یشن کو حتمی شکل دینے کے لئے پیپلز پارٹی سمیت دیگر جماعتوں سے صلاح مشورہ تیز کیا جائیگا ۔

(جاری ہے)

دریں اثناء میاں نواز شریف سے ملاقات کے بعد ایک نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے امین فہیم نے کہاکہ اے آر ڈی میں شامل ملک کی دوبڑی سیاسی جماعتیں پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرین اور مسلم لیگ نواز ملک میں جمہوریت کے لئے اپنی جدو جہد جاری رکھے ہوئے ہیں اور اس سلسلے میں دونوں جماعتوں کی قیادتوں کے درمیان رابطے ہو تے رہتے ہیں چنانچہ ملاقات بھی اسی سلسلے کی کڑی ہے انہوں نے کہاکہ میاں نواز شریف سے ان کی ملاقات انتہائی خوشگوار ماحول میں ہوئی جس میں اے پی سی سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی طرف سے بلائی جانے والی اے پی سی کو زیادہ سے زیادہ کامیاب بنانے کے لئے ہم اپنی بھرپور کوششیں جاری رکھیں گے ایک سوال کے جواب میں امین فہیم نے کہاکہ ایم ایم اے کی طرف سے یہ کہنا کہ پیپلز پارٹی کی اے پی سی میں شرکت مشکوک ہے کیونکہ اس کی حکومت سے ڈیل ہورہی ہے جس کی وجہ سے اے پی سی کی تاریخ کا تعین نہیں کیا جارہا ہے ایم ایم اے کی یہ ذاتی سوچ ہے امین فہیم نے کہاکہ وہ ایم ایم اے کے اس بیان سے بالکل اتفاق نہیں کرتے تاہم وہ اس حوالے سے ایم ایم اے پر کسی قسم کی تنقید بھی نہیں کرتے ۔