صدر جنرل پرویز مشرف نے حالیہ بین الاقوامی دوروں کے ذریعے عالم اسلام کے اتحاد اور یکجہتی کیلئے ایک تاریخی اور یادگار کردار ادا کیا ۔ وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی کی زیر صدارت اجلاس میں وزیر قانون کی طرف سے پیش کی گئی قرارداد

منگل 6 فروری 2007 19:07

لاہور(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین06فروری2007 ) وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی کی زیر صدارت پاکستان مسلم لیگ پنجاب اور اس کی اتحادی جماعتوں کا اجلاس گذشتہ روز ایوان وزیر اعلیٰ میں منعقد ہوا- اس موقع پر صوبائی وزیر قانون و بلدیات محمدبشارت راجہ نے ایک قرار داد پیش کی جس میں صدر جنرل پرویز مشرف کے حالیہ بین الاقوامی دوروں کے ذریعے عالم اسلام کے اتحاد اور یکجہتی کیلئے کی جانے والی کوششوں کو خراج تحسین پیش کیا گیا-صوبائی وزیر قانون و بلدیات محمدبشارت راجہ کی طرف سے اجلاس میں پیش کردہ قرار داد میں کہا گیا کہ”پاکستان مسلم لیگ اور اس کی اتحادی جماعتوں کی صوبائی پارلیمانی پارٹی کا یہ اجلاس عالم اسلام کو درپیش مسائل کے حل کیلئے صدر پرویز مشرف کی مساعی کو بھرپور خراج تحسین پیش کرتا ہے- اس اجلاس کے نزدیک صدر جنرل پرویز مشرف نے اپنے حالیہ بین الاقوامی دوروں کے ذریعے سنگین عالمی حالات کے موجودہ تناظر میں عالم اسلام کے اتحاد اور یکجہتی کیلئے ایک تاریخی اور یادگار کردار ادا کیا ہے-صدر مشرف کا یہ کردار جہاں پاکستان سمیت مختلف اسلامی ممالک اور خطے کو درپیش مسائل کی سنگینی کے مکمل ادراک کی نشاندہی کرتاہے وہاں وہ اس حقیقت کا بھی عکاس ہے کہ قدرت نے انہیں جرات مندانہ قیادت کی بہترین صلاحیتوں سے نوازا ہے- صدر مشرف کے ان دوروں نے ثابت کردیا ہے کہ عصر حاضر میں ایک حقیقی لیڈر وہی ہے جو آنے والے دنوں میں پیدا ہونے والے مسائل کے پیشگی ادراک کے ساتھ ساتھ درپیش صورتحال سے عہدہ براء ہونے کیلئے آگے بڑھ کر اپنا کردار ادا کرسکے-صوبائی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس یہ سمجھتا ہے کہ صدر جنرل پرویز مشرف کے ان دوروں سے نہ صرف مسلمان ممالک کے حکمرانوں کو عالم اسلام کو درپیش نئے چیلنجوں اور ان کے پس منظر سے آگاہی حاصل ہوگی بلکہ ان کے یہ دورے مسلمان ممالک کو ایک پلیٹ فارم پر متحد کرنے میں بھی مددگار ثابت ہوں گے- پارلیمانی پارٹی کے اجلاس کے نزدیک صدر جنرل پرویز مشرف کی ان مساعی کے ذریعے پاکستان کو عالم اسلام کے مسائل کے حوالے سے ایک ایسا فعال اور قائدانہ کردار ادا کرنے کا موقع ملا ہے جس کی امت مسلمہ پاکستان سے بجا طور پر توقع رکھتی تھی۔

(جاری ہے)

اس اجلاس کے شرکاء یہ بھی سمجھتے ہیں کہ صدر پاکستان کے یہ دورے عالم اسلام خصوصا مشرق وسطی میں مسلمانوں کے درمیان منافرت کو فروغ دینے کی سازشوں کو ناکام بنانے میں اہم کردار ادا کریں گے-“