ائیر پورٹ سیکورٹی فورس کو مزید مستعد بنائیں گے،وزیر دفاع،اسلام آباد ائیر پورٹ پر سیکورٹی فورس کے اہلکاروں نے جس بہادری سے دہشتگردوں کا مقابلہ کیا اس پر پوری قوم کو فخر ہے،پی آئی اے اپنی کارکردگی کو بہتر بنانے کیلئے اقدام اٹھائے، راؤ سکندر اقبال کا اجلاس سے خطاب

بدھ 7 فروری 2007 21:22

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔7فروری۔2007ء) وزیر دفاع راؤ سکندر اقبال نے پی آئی اے انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ ادارے کی ترقی کے لئے کوششوں کا سلسلہ تیز کیا جائے، مسافروں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرنے کیلئے اقدام کئے جائیں۔ وہ بدھ کو یہاں سول ایسوسی ایشن اتھارٹی اور پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز کی کارکردگی کے سلسلے میں منعقدہ جائزہ اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔

دفاع کے پارلیمانی سیکرٹری میجر (ر)تنویر حسین سید نے بھی ان کے ہمراہ اجلاس کی صدارت کی۔ پی آئی اے کی انتظامیہ نے اجلاس کو ادارے کی کارکردگی اور آئندہ کے لائحہ عمل کے بارے میں تفصیلات سے آگاہ کیا۔ وزیر دفاع نے کہا کہ ادارے کو منافع بخش بنانے کیلئے پی آئی اے انتظامیہ اپنی کارکردگی کو بہتر بنائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ادارے کی ترقی کے وسیع امکانات موجود ہیں، ملازمین اپنی بھر پور کوششوں کے ساتھ اسے منافع کے اعتبار سے دنیا کی بہترین ایئر لائن بنا سکتے ہیں۔

اس موقع پر منگل کی رات اسلام آباد انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر ہونے والے خود کش حملہ کو بھی زیر بحث لایا گیا۔ اجلاس میں خود کش حملہ آور کا بہاردی سے مقابلہ کرنے پر ایئر پورٹ سیکورٹی فورس کے جوانوں کی تعریف کی گئی۔ وزیر دفاع نے کہا کہ پوری قوم کو سیکورٹی فورس کے اہلکاروں کی بہادری پر فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایئر پورٹ سیکورٹی فورس کو مزید مستعد بنانے کیلئے اقدام اٹھائے جا رہے ہیں تاکہ ائیر پورٹس پر دہشتگردی کے خطرات کو کم کیا جا سکے۔اجلاس میں میجر جنرل میر حیدر علی خان، بریگیڈئیر فیض احمد ستی، شاہد اللہ بیگ اور شوکت نواز خان سمیت دیگر اعلیٰ عہدیداروں نے شرکت کی۔