پاکستان اورآذربائیجان کا مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کے مزید فروغ پر اتفاق،آذربائیجان کے ساتھ توانائی، انفارمیشن ٹیکنالوجی، ٹیلی کام اور دفاع سمیت تمام شعبوں میں تعلقات کومزیدفروغ دینے کے خواہاں ہیں، پاکستان آذربائیجان کی علاقائی سالمیت اور نوکورنو کاراباغ کے مسئلے کے جلد سے جلد حل کا حامی ہے، وزیراعظم شوکت عزیز کی آذربائیجان کے نائب وزیراعظم کے ساتھ ملاقات کے دوران گفتگو

بدھ 7 فروری 2007 22:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔7فروری۔2007ء) پاکستان اورآذربائیجان نے تجارتی، دفاعی، سفارتی، اقتصادی، توانائی اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کے فروغ پر اتفاق کیا ہے جبکہ پاکستان نے آذربائیجان کی علاقائی سالمیت اور نوکورنو کاراباغ کے مسئلے کے جلد سے جلد حل جبکہ آذربائیجان نے مسئلہ کشمیر کے مسئلے پر پاکستانی موقف کی حمایت کا اعادہ کیا ہے۔

بدھ کے روز وزیراعظم شوکت عزیز اور آذربائیجان کے نائب وزیراعظم یعقوب یوگوف کے درمیان ملاقات ہوئی جس دوران دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی، دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعلقات، علاقائی و عالمی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ اس دوران وزیر اعظم شوکت عزیز نے کہا کہ پاکستان آذربائیجان کے ساتھ اپنے تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے۔

(جاری ہے)

وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان آذربائیجان کے ساتھ توانائی، انفارمیشن ٹیکنالوجی، ٹیلی کام، دفاع، سکیورٹی، سائنس اینڈ ٹیکنالوجی، تعلیم، تجارت اور سرمایہ کاری سمیت تمام شعبوں میں تعلقات کو فروغ دینے کا خواہاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان آذربائیجان کی علاقائی سالمیت اور نوکورنو کاراباغ کے مسئلے کے جلد حل کی مکمل حمایت کرتا ہے جبکہ آذربائیجان کے نائب وزیراعظم نے کہاکہ ان کا ملک پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے اس دوران دونوں رہنماؤں میں دونوں ملکوں کے درمیان اقتصادی، تجارتی، دفاعی اور سرمایہ کاری سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا جبکہ یعقوف یوگوف نے مزید کہا کہ ان کا ملک نوکورنو کاراباغ کے مسئلے پر پاکستان کی حمایت کو سراہتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آذربائیجان کشمیر کے مسئلے پر پاکستان کے موقف کی حمایت کرتا ہے۔ وزیراعظم شوکت عزیز نے آذربائیجان کے نائب وزیر اعظم کو بھارت کے ساتھ جامع مذاکرات کے عمل سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان کشمیر بنیادی مسئلہ ہے اورپاکستان اس مسئلے کو کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق پرامن طریقے سے حل کرنے کا خواہاں ہے۔