وزیراعظم کی زیر صدارت اہم اجلاس‘ پارلیمنٹ ہاؤس کی سکیورٹی انتظامات پر تبادلہ خیال۔ارکان کو خصوصی کارڈ جاری کرنے کا فیصلہ ۔ صحافیوں کو ارکان کیفے ٹیریا میں لے جا سکیں گے

جمعرات 8 فروری 2007 13:09

اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین08فروری2007 ) وزیراعظم شوکت عزیز کی صدارت میں ایک اعلی سطحی اجلاس ہوا جس میں قومی اسمبلی میں حفاظتی انتظامات کو مزید سخت کرنے کیلئے کئی اہم فیصلے کئے گئے- ایک میڈیا رپورٹ کے مطابق اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پارلیمنٹ کے کیفے ٹیریا میں کسی ٹی وی چینل کو کیمرہ لے جانے کی اجازت نہ ہو گی تاہم ارکان پارلیمنٹ اپنے ہمراہ کسی صحافی کو کیفے ٹیریا لے جا سکتے ہیں یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ ارکان پارلیمنٹ کے مہمان صرف گیلری تک جا سکیں گے اور انہیں کیفے ٹیریا میں جانے کی اجازت نہ ہوگی- اجلاس میں ارکان پارلیمنٹ کیلئے کارڈ جاری کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا جو وہ اپنے گلے میں لٹکانے کے پابند ہں گے- اس کارڈ کیلئے رنگوں کا تعین مشاورت سے کیا جائے گا-اجلاس میں وزیر مملکت برائے امور داخلہ ظفر اقبال وڑائچ‘ وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات طارق عظیم اور وفاقی وزیر تعلیم لیفٹیننٹ جنرل(ر) جاوید اشرف قاضی بھی شریک ہوئے- اجلاس میں وزیراعظم نے داخلہ امور کے وزیر مملکت کو ہدایت کی کہ ارکان پارلیمنٹ اور پارلیمنٹ میں آنے والے دیگر افراد کے تحفظ کیلئے اقدامات میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے-

متعلقہ عنوان :