پی آئی اے 48عمر رسیدہ ائیر ہوسٹس کو ملازمت نہ نکالا جائے،سکھر او ر کراچی کے درمیان کرایوں میں کمی اور اے ایس ایف کے ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ کیا جائے،سٹینڈنگ کمیٹی دفاع کی ہدایات،کمیٹی کے اجلاس میں چیئر مین پی آئی اے اور حامد ناصر چٹھہ کے درمیان دلچسپ جملہ کا تبادلہ،عمر رسیدہ ائیر ہوسٹس کو لکھے گئے خط پر کمیٹی کا شدید اعتراض،اے ایس ایف کے عملے نے ائیر پورٹ پر دہشت گردی کی بڑی واردات کو ناکام بنا کر جرات مندی کا مظاہرہ کیا،اجلاس سے چوہدری شجاعت حسین کا خطاب

جمعرات 8 فروری 2007 19:45

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔8فروری۔2007ء) قومی اسمبلی کی دفاع کی اسٹینڈنگ کمیٹی نے پی آئی اے کو ہدایت کی ہے کہ پی آئی اے سے عمر رسید 48ائیر ہوسٹس کو ملازمت سے نہ نکالا جائے،سکھر اور کراچی کے لئے پی آئی اے کے کرایوں میں کمی کی جائے جبکہ ائیر پورٹ سیکورٹی فورسز کے ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ کے لئے تین ماہ میں حتمی رپورٹ تیار کر کے کمیٹی کو پیش کی جائے کمیٹی نے گزشتہ دنوں اسلام آباد ائیر پورٹ پر دہشت گردی کی واردات کے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے سیکورٹی فورسز کے افسران کی جرات کو مند ی کو خراج تحسین پیش کیا کمیٹی کے اجلاس میں کشمیر کمیٹی کے چیئرمین حامد ناصر چٹھہ نے چیئر مین پی آئی اے کو پیش کش کی کہ وہ اپنی مراعات ارکان اسمبلی کو دے دیں ۔

کیونکہ ان کی مراعات ارکان اسمبلی سے زیادہ ہیں تفصیلات کے مطابق سٹینڈنگ کمیٹی کا اجلاس کمیٹی کے چیئر مین چوہدری شجاعت حسین کی صدارت میں پارلیمنٹ ہاؤس میں منعقد ہوا ۔

(جاری ہے)

جس میں وزیر دفاع راؤ سکندر اقبال،سیکرٹری دفاع لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ طارق وسیم غازی،پی آئی اے کے چیئر مین طارق کر مانی اور ائیر پورٹس سیکورٹی فورسز کے ڈی جی بریگیڈئیر فیاض ستی نے بریفنگ دی ۔

کمیٹی کے رکن نور جہاں پانیزائی نے خواتین ائیر ہوسٹس کو گراؤنڈ کر نے کے بعد ان کو لکھے گئے خط کے مندر جات پر شدید اعتراض کیا ۔ اور کہاکہ جو زبان اس خط میں استعمال کی گئی ہے ۔اس پر پارلیمنٹ کو تشویش ہوئی ہے ۔جس پر چیئر مین پی آئی اے نے معذرت کی اور کہاکہ انہیں خط کے مندر جات کا علم نہیں ہے تاہم خط میں جو الفاظ استعمال کئے گئے ہیں ایسا نہیں ہوناچاہیے چیئر مین پی آئی اے نے بتایا کہ 48خواتین کو وزن زائد ہونے کے باعث فلائٹس سے ہٹا کر گراؤنڈ کر دیا گیا ہے اور انہیں ہدایت دی گئی ہے کہ وہ اپنا وزن کم کریں کسی کو ملازمت سے نہیں نکالا گیا ہے جبکہ 25مرد بھی وزن زیادہ ہونے کی وجہ سے گراؤنڈ کئے گئے ہیں ۔

کمیٹی کے چیئر مین چوہدری شجاعت حسین نے بھی خط کے مندرجات کا سخت نوٹس لیا اور پی آئی اے کو ہدایت کی کہ کسی خاتون کو ملازمت سے نہ نکالا جائے ۔ چیئر مین پی آئی اے نے کمیٹی کے اجلاس میں اس تاثر کو غلط قرار دیا کہ انہوں نے تین سال کی ایڈوانس تنخواہ لے لی ہے ۔انہوں نے کہاکہ ان کی تنخواہ چار لیس 22ہزار 132روپے ماہانہ ہے ۔جس پر حامد ناصر چٹھہ نے انہیں پیش کش کی کہ وہ پی آئی اے کے چیئر مین کا عہدہ چھوڑ کر رکن اسمبلی منتخب ہو جائیں کیونکہ ان کی مراعات رکن اسمبلی سے زیادہ ہیں ۔

جس پر چیئر مین پی آئی اے طارق کرمانی نے کہاکہ ان کا سیاست میں آنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے ۔ کمیٹی کے اجلاس میں ائیر پورٹس سیکورٹی فورسز کے ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ کر نے اور انہیں موٹر پولیس کے برابر مراعات دینے پر زور دیا گیا ۔اپوزیشن رکن ذو الفقار گوندل نے اس ضمن میں ایک بل ایوان میں پیش کیا تھا جسے کمیٹی کے سپرد کیا گیا ۔ اس موقع پر اے ایس ایف کے ڈائریکٹر جنرل بریگیڈئیر فیاض ستی نے کمیٹی کے چیئر مین نے چوہدری شجاعت حسین اور دیگر ارکان کی طرف سے گزشتہ روز ائیر پورٹ پر دہشت گردی کی واردات کو ناکام بنانے پر اے ایس ایف کے افسران اور جوانوں کو مبارک پیش کر نے اور اچھے جذبات کا اظہار کر نے پر شکریہ ادا کیااور کہاکہ اس دن ائیر پورٹ بڑی تباہی سے بچ گیا انہوں نے کہاکہ اے ایس ایف کے عملے کی تنخواہیں اور دیگر مراعات دوسروں اداروں سے کم ہیں اور اس سلسلے میں ہم نے تجاویز تیار کر کے وزارت دفاع کو دے دی ہیں اور ہم نے تجویز دی ہے کہ اے ایس ایف عملے کو موٹر وے پولیس کے برابر مراعات دی جائیں جس پر کمیٹی نے متفقہ طورپر وزارت دفاع کو ہدایت کی کہ اے ایس ایف کے عملے کی تنخواہیں بڑھانے پر حتمی رپورٹ تین ماہ تیار کر کے کمیٹی کو پیش کی جائے اس موقع پر سیکرٹری دفاع نے کمیٹی کو بتایا کہ وزارت دفاع ان تجاویز پر غور کررہی ہے اور جلد وزیر اعظم کو اس ضمن میں بریفنگ دی جائے گی کمیٹی کے اجلاس میں سکھر اور کراچی کے درمیان پی آئی اے کے کرایوں میں کمی کا جائزہ لیا گیا ۔

کمیٹی نے پی آئی اے کو ہدایت کی کہ سکھر اور کراچی کے درمیان پی آئی اے کے کرایوں میں کمی کی جائے ۔