یورپی یونین اسلام کے خلاف متعصبانہ رویہ ترک کرے،پاکستان،پاکستان کے خلاف سرگرمیوں میں ملوث دہشت گردوں اور ان کے حامیوں کے خلاف ایکشن لیا جائے

جمعہ 9 فروری 2007 20:02

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔9فروری۔2007ء) پاکستان نے یورپی یونین سے پر زور مطالبہ کیاہے کہ وہ اسلام کے خلاف متعصبانہ رویہ ترک کرے،ایسے دہشت گردوں اور ان کے حامیوں کے خلاف ایکشن لے جویورپی ممالک میں رہتے ہوئے پاکستان کے خلاف سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔ان خیالات کا اظہار یورپی یونین کے کوآرڈینیٹر برائے انسداد دہشت گردی گیجز ایم وریز کی سربراہی میں پاکستان آنے والے وفد کے دورے کے اختتام پر دفتر خارجہ سے جاری کیے گئے بیان میں کہی گئی ہے۔

گیجز ایم وریزنے یقین دہانی کرائی ہے کہ پاکستان کے خدشات یورپین یونین اور اس کے ممبر ممالک تک پہنچا دیے جائیں گے۔ ان کے دورے کے دوران دونوں جانب سے انسداد دہشت گردی کے شعبے میں مشاورت اور تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا ہے ۔

(جاری ہے)

یورپین یونین کے وفد نے دہشت گردی کے خلاف پاکستان کے کلیدی کردار اور اس سلسلے میں کیے گئے اقدامات کو سراہا۔مذاکرات میں زور دیا گیا کہ دہشت گردی کو جڑ سے ختم کرنے کے لیے غربت اور جہالت کا خاتمہ کرنا ضروری ہے ۔

پاکستان کی جانب سے یورپین یونین سے کہا گیا ہے کہ وہ پاکستان کووسیع تر تجارتی مواقع فراہم کرے۔پاکستان نے یورپین یونین مانیٹرنگ سینٹر کی رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے وفد پر زور دیا کہ مسلم ممالک کے ساتھ متعصبانہ رویہ اور اسلام فوبیا کا خاتمہ کیا جائے ۔

متعلقہ عنوان :