سردار عتیق احمد خان کی وزیر اعظم شوکت عزیز سے ملاقات، زلزلہ متاثرین کی بحالی و تعمیر نو پر تبادلہ خیال،متاثرین کی بحالی اور مکمل آبادکاری کیلئے حکومت پاکستان ہر ممکن تعاون کرے گی،متاثرین کو تنہا نہیں چھوڑیں گے، وزیراعظم شوکت عزیز

جمعہ 9 فروری 2007 20:04

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔9فروری۔2007ء) وزیراعظم شوکت عزیز نے آزاد حکومت کو یقین دلایا ہے کہ زلزلہ سے متاثرہ علاقوں کی تعمیر نو اور متاثرہ افراد کی بحالی کیلئے حکومت پاکستان تمام تر اقدامات کرے گی نیز مسئلہ کشمیر کو کشمیریوں کی خواہشات اور امنگوں کے مطابق حل کرنے کیلئے پاکستان بھرپور کردار ادا کرے گا۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے گزشتہ روز یہاں آزاد کشمیر کے وزیراعظم سرادر عتیق احمد خان سے بات چیت کرتے ہوئے کیا جنہوں نے وزیراعظم ہاؤس میں ان سے ملاقات کی۔

قبل ازیں سردار عتیق احمد خان نے وزیراعظم شوکت عزیز کو اپنے حالیہ دورہ یورپ اور آزاد کشمیر میں زلزلہ سے متاثرہ علاقوں کی بحالی و تعمیر نو کیلئے جاری اقدامات سے آگاہ کیا۔ شوکت عزیز نے کہا کہ پاکستانی حکومت زلزلہ سے متاثرہ آزاد کشمیر کے علاقوں کی تعمیر نو اور متاثرہ افراد کی بحالی کیلئے تمام ذرائع کو بروئے کار لائے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ صدر جنرل پرویز مشرف کی خصوصی ہدایات پر زلزلہ سے متاثرہ علاقوں میں تعمیر نو کے کاموں کو اولیت دے رہی ہے اور انشاء اللہ متاثرہ علاقوں کی جدید طریقہ تعمیر کے مطابق تعمیر نو کی جائے گی متاثرین کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔

شوکت عزیز نے کہا کہ پاکستان مسئلہ کشمیر پر کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق مسئلہ کو حل کرنے کیلئے اقدامات کر رہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ صدر جنرل پرویز مشرف کی چار نکاتی تجاویز مسئلہ کشمیر کے پائیدار اور جامع حل کیلئے بہترین کردار ادا کر سکتی ہیں کیونکہ بھارت بھی اب اس حقیقت کو سمجھ چکا ہے کہ مسئلہ کشمیر کو حل کئے بغیر خطہ میں امن کا قیام ناممکن ہے۔

اس موقع پر وزیراعظم آزاد کشمیر سردارعتیق احمد خان نے شوکت عزیز کو حالیہ دورہ یورپ کے بارے میں تفصیلی رپورٹ پیش کی اورانہیں بتایا کہ حکومت آزاد کشمیر کی خصوصی دلچسپی اور کوشش کے باعث ایمانکلسن رپورٹ میں 452 سے زائد ترامیم پر اصولی اتفاق کر لیا گیا ہے۔ سردار عتیق احمد خان نے آزاد کشمیر کے متاثرہ علاقوں میں جاری ترقیاتی کاموں پر حکومت پاکستان کا شکریہ ادا کیا اور بتایا کہ کشمیری حکومت پاکستان کی کوششوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔