امن طاقت سے حاصل ہوتا ہے، کم سے کم دفاعی صلاحیت برقرار رکھیں گے،وزیراعظم شوکت عزیز،چین ایک بڑی عالمی قوت ہے اور پاکستان کو اس کے ساتھ اپنے گہرے اور کثیر الجہتی تعلقات پر فخر ہے، وزیر اعظم کی چین کے نائب وزیر خارجہ سے ملاقات کے دوران گفتگو

جمعہ 9 فروری 2007 21:27

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔9فروری۔2007ء) وزیر اعظم شوکت عزیز نے کہا ہے کہ امن طاقت سے حاصل ہوتا ہے اور پاکستان خطے میں طاقت کے لئے کم سے کم دفاعی صلاحیت برقرار رکھے گا، چین ایک بڑی عالمی قوت ہے اور پاکستان کو اس کے ساتھ اپنے گہرے اور کثیر الجہتی تعلقات پر فخر ہے، دونوں ممالک کے درمیان تعلقات وقت کے ساتھ ساتھ مزید مضبوط ہوں گے، دونوں ممالک کے درمیان تعاون کی نئی راہیں کھلیں گی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو یہاں چین کے نائب وزیر خارجہ کوٹی ٹانکائی سے ملاقات کے دوران کیا۔اس دوران دونوں رہنماؤں کے درمیان باہمی دلچسپی، دو طرفہ کثیر الجہتی تعلقات سمیت مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس دوران وزیر اعظم شوکت عزیز نے کہا کہ عالمی سطح پر تیزی سے ہونے والی تبدیلیوں کا ملکوں پر براہ راست اثر ہوتا ہے تاہم پاکستان اور چین کے تعلقات جو مضبوط بنیادوں پر قائم ہیں وقت کے ساتھ ساتھ مزید مضبوط ہوں گے اور دونوں ملکوں کے درمیان تعاون کی نئی راہیں کھلیں گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ نئے اتحاد اور عالمی حقائق کی روشنی میں پاکستان اور چین کے درمیان سٹریٹجک پارٹنرشپ میں وسعت آئی ہے تاہم اب بھی دونوں ملکوں کے درمیان سفارت کاری، تجارت ،معیشت، دفاع،سلامتی اور ثقافت کے شعبوں اور سب سے بڑھ کر عوامی سطح پر رابطوں میں باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے کی صلاحیت موجود ہے۔ شوکت عزیز نے کہا کہ چین کے صدر ہوجن تاؤ کے دورہ پاکستان سے دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات کو نئی جہت ملی ہے اور آزادانہ تجارت کا معاہدہ پاکستان اور چین کے کثیر جہت تعلقات کو مزید فروغ دینے کے عزم کا ظہار ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان چین کی اقتصادی ترقی اور اصلاحات کو ترقی اور خوشحالی کا عظم ماڈل تصور کرتا ہے۔ انہوں نے چین کے نجی شعبے کو دعوت دی کہ وہ پاکستان میں سرمایہ کاری کریں کیونکہ یہ چین کی صنعتوں کیلئے مرکز بننے کی صلاحیت رکھتا ہے اور چینی کمپنیاں یہاں سے اپنی مصنوعات دنیا بھر میں برآمد کر سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ چین بڑی عالمی قوت ہے پاکستان کو اس کے ساتھ اپنے گہرے اور کثیر الجہتی تعلقات پر فخر ہے دونوں ملکوں کی اسٹریٹجک پارٹنرشپ سے خطے میں استحکام اور امن کے قیام میں مدد ملی ہے انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان آزمائش کی ہر گھڑی پر پورے اترنے والے تعلقات دونوں ملکوں کے باہمی مفا دہیں۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان اسٹریٹجک پارٹنرشپ کے نتیجے میں خطے میں امن اور استحکام کے قیام میں مدد ملی ہے۔ دفاع اور سلامتی کے امور کا ذکرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ ہماری دفاعی پالیسی کا مقصد خطے میں امن اور استحکام کا قیام اور اپنی سالمیت اور خود مختاری کا تحفظ ہے انہوں نے کہا کہ امن طاقت سے حاصل ہوتا ہے اور پاکستان خطے میں طاقت کے توازن کو برقرار رکھے گا۔ چینی نائب وزیر خارجہ نے کہا کہ چین کو پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات پر فخر ہے۔ دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے۔ انہوں نے دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کیلئے وزیر اعظم کی کوششوں کو سراہا۔