پاکستان کرکٹ ٹیم کے بیٹسمین عمران نذیر پر جنوبی افریقہ کے خلاف دوسرے ایک روزہ میچ میں آئی سی سی کے کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی کا الزام ثابت نہیں ‌ہوسکا

جمعہ 9 فروری 2007 00:24

ڈربن (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔9فروری۔2007ء) پاکستان کرکٹ ٹیم کے بیٹسمین عمران نذیر پر جنوبی افریقہ کے خلاف دوسرے ایک روزہ میچ میں آئی سی سی کے کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی کا الزام ثابت نہیں ‌ہوسکا ہے اور میچ ریفری کروس بروڈ نے انہیں بری کردیا ہے۔ جنوبی افریقہ کی ٹیم منیجمنٹ نے عمران نذیر پر الزام عائد کیا تھا کہ دوسرے کرکٹ میچ کے دوران عمران نذیر اور جنوبی افریقی فاسٹ بولر آندرے نیل کے درمیان تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا جس میں پاکستانی بیٹسمین نے غیر اخلاقی زبان استعمال کی ۔

(جاری ہے)

میچ ریفری کرس بروڈ نے میچ کے دوسرے روز پورٹ الزیبتھ میں‌کیس کی سماعت کی اور ایک روز کے غور وخوض‌کے بعد عمران نذیر کے حق میں‌فیصلہ دیتے ہوئے انہیں بری کردیا۔ اپنے فیصلے میں کرس بروڈ نے کہا کہ میچ کے دوران بیٹسمین عمران نذیر اور جنوبی افریقی بولر آندرے نیل کے درمیان تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا ہے۔ دونوں کھلاڑیوں کے درمیان جو کچھ ہوا وہ میچ کے تیز مزاج کی وجہ سے ہوا اور اس لئے یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ عمران نذیر کے خلاف کوئی اقدام نہیں کیا جائے اور انہیں بری کردیا جائے۔ تاہم کھلاڑیوں کو میچ کے دوران ایک دوسرے کے حقوق کا خاص خیال رکھنا چاہیئے۔