سیاچن ‘ پاکستان اور بھارت کے بجٹ پر غیر ضروری بوجھ ہے ۔ فوجوں کی واپسی کے خواہاں ہیں ۔ طارق عظیم۔بھارتی حکام کو اپنے موقف سے آگاہ کر دیا ہے ۔امید ہے اس مسئلے کا جلد حل نکل آئے گا

اتوار 11 فروری 2007 13:00

نئی دہلی ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین 11فروری2007 ) پاکستان نے کہا ہے کہ سیاچن کا تنازعہ پاکستان اور بھارت کے بجٹ پر غیر ضروری بوجھ ہے ‘ اس مسئلے کے حل کے بعد اس پر خرچ ہونے والے وسائل ترقیاتی کاموں پر خرچ کئے جا سکتے ہیں۔ پاکستان سیاچن سے جلد فوجوں کی واپسی کا خواہاں ہے‘ بھارتی حکام کو اپنے موقف سے آگاہ کر دیا ہے امید ہے کہ سیاچن کے مسئلے کا جلد حل تلاش کرلیا جائے گا۔

ان خیالات کا اظہار وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات نے گزشتہ روز یہاں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ طارق عظیم نے کہا کہ سیاچن کے مسئلے پر دونوں ممالک کے وسائل ضائع ہو رہے ہیں اور یہ تنازع دونوں ممالک کے بجٹ پر غیر ضروری بوجھ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس مسئلے کے حل کے بعد پاکستان اور بھارت میں یہ رقم ترقیاتیکاموں پر خرچ کی جا سکے گی۔

(جاری ہے)

طارق عظیم نے امید ظاہر کی کہ سیاچن کے مسئلے کا جلد حل تلاش کر لیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سیاچن سے جلد فوجوں کی واپسی کا خواہاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ اس تنازع کو مل کر حل کر کے یہاں خرچ ہونے والے وسائل ملک کے غریب عوام پر خرچ کئے جائیں ۔ ان کیلئے صحت کی سہولیات فراہم کر نے کے لئے ہسپتال اور غریب طلبہ کے لئے سکول ‘ کالج اور یونیورسٹیاں قائم کی جائیں ۔ طارق عظیم نے کہا کہ بھارتی حکام سے اس سلسلے میں مذاکرات ہوئے ہیں ہم نے اپنے موقف سے ان کو آگاہ کر دیا ہے۔