جب تک موجودہ حکمران اقتدار میں ہیں (ق) لیگ اور ایم کیو ایم ہی جیتیں گی ۔ قاضی حسین احمد

اتوار 11 فروری 2007 16:10

لاہور( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین 11فروری2007 ) متحدہ مجلس عمل کے سربراہ قاضی حسین احمد نے کہا ہے کہ ملک کی باگ ڈور ایسے لوگوں کے ہاتھوں میں ہے جو غیر ذمہ دار ہیں اور ہر کام غیر آئینی اور غیر قانونی طریقے سے کر رہے ہیں ۔ حکومت اگر ذمہ دارانہ رویہ اپنا لے تو سب کچھ درست ہو سکتا ہے ۔ جب تک موجودہ حکومت ہے مسلم لیگ (ق) اور ایم کیو ایم ہی جیتیں گی کیونکہ نتائج کا اعلان عوام کے ووٹوں سے نہیں بلکہ حکمرانوں کی خواہش کے مطابق ہوتا ہے ۔

وہ گزشتہ روز منصورہ میں صحافیوں سے گفتگو کر رہے تھے ۔ قاضی حسین احمدنے کہا کہ ملک میں جب تک بارہ اکتوبر 1999ء سے پہلے والا آئین بحال نہیں ہوگا کوئی بھی کام دستور کے مطابق نہیں ہو سکتا ۔ آج لوگوں کا دستور اور عدالتوں سے اعتماد اٹھ رہا ہے اور لوگ چاہتے ہیں کہ چاہے طالبان جیسی حکومت ہی کیوں نہ ہو ہمیں فوری انصاف ملنا چاہیے ۔

(جاری ہے)

تمام اداروں کو فرد واحد اپنی خواہش کے مطابق چلا رہا ہے اور فوج کو اپنے مقاصد کیلئے استعمال کیا جارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسمبلی کے بائیکاٹ سمیت تمام فیصلے ایم ایم اے کی جنرل کونسل کے اجلاس میں کئے جائینگے ۔ جنرل مشرف کی موجودگی میں انتخابات میں حصہ لینے کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کو حصہ لیتے وقت یہ خیال رکھنا چاہیے کہ کہیں اس سے اپوزیشن جماعتوں کا نقصان اور حکومت کو فائدہ تو نہیں ہورہا ۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں حکومتی سرپرستی میں دھاندلی کی گئی ہے اور جب تک موجودہ حکمران ملک پر قابض ہیں اس وقت تک عوام کے ووٹ کے تقدس کو پامال کیا جاتا رہے گا اور مسلم لیگ (ق) اور ایم کیو ایم ہی کامیاب ہونگی ۔