اس سال ملک میں 6 ارب ڈالر کی براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری متوقع ہے،وزیراعظم شوکت عزیز

اتوار 11 فروری 2007 22:38

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔11فروری۔2007ء) وزیر اعظم شوکت عزیز نے کہا ہے کہ اس سال ملک میں 6 ارب ڈالر کی براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری متوقع ہے، پاکستان اپنے جغرافیائی محل وقوع کی وجہ سے خطے میں تعاون کو فروغ دینے اور امن و استحکام کیلئے کوشش کر رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز یہاں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ سات سال کے دوران حکومت کی اصلاحات کے ایجنڈے کی پالیسیوں کو تسلسل، کا روباری لاگت میں کمی اور شفاف طریقے کی وجہ سے پاکستان غیر ملکی سرمایہ کاری کیلئے پرکشش ملک بن گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی طرف سے متعارف کرائی گئی سٹرکچر اصلاحات کے نتیجے میں اقتصادی ، سیاسی اور سماعی شعبوں میں نمایاں بہتری ہوئی ہے۔

(جاری ہے)

وزیر اعظم نے کہا کہ خوراک، پانی اور توانائی کی ضمانت مستقبل کے بڑے چیلنج ہوں گے اور پاکستان اپنے وسائل کو بڑھانے کیلئے دوسرے ملکوں کے ساتھ شراکت کو فروغ دے رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنے جغرافیائی محل ووقوع کی وجہ سے خطے میں تعاون کو فروغ دینے اور امن و استحکام کیلئے کوشش کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے کی ترقی اور خوشحالی کیلئے انرجی، ٹرانسپورٹ اور تجارت کے کوریڈور تعمیر کر رہا ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان علاقے اور دنیا میں امن و استحکام اور تنازعات کے حل کیلئے اہم کردار ادا کر رہا ہے مشرق وسطیٰ کے تنازعے کے حل کیلئے صدر جنرل پرویز مشرف کی حالیہ کوششوں کو عالمی سطح پر پذیرائی ملی ہے جس سے دنیا میں پاکستان کو حاصل قدر اور اہمیت کی عکاسی ہوتی ہے۔

متعلقہ عنوان :