عنقریب کوئٹہ کیلئے خصوصی پیکج کا اعلان کیا جائیگا۔ وزیراعظم شوکت عزیز۔نئے بلدیاتی نظام اور اختیارات کی نچلی سطح پر منتقلی سے عوام کے مسائل ان کی دہلیز پر حل ہورہے ہیں‘ وزیراعظم کی ناظمین کوئٹہ کے وفد سے بات چیت

منگل 13 فروری 2007 19:11

کوئٹہ (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین 13فروری2007 ) وزیراعظم پاکستان شوکت عزیز عنقریب کوئٹہ کیلئے خصوصی پیکج کا اعلان کریں گے جس میں چلتن ٹاؤن کوئٹہ کو خصوصی اہمیت دی جائے گی۔ یہ یقین دہانی وزیراعظم نے اسلام آباد میں نائب ناظم چلتن ٹاؤن کوئٹہ عبدالباقی بڑیچ کو دوران ملاقات کروائی ۔ جنہوں نے ایک وفد کی صورت میں وزیراعظم شوکت عزیز سے ملاقات کی۔

اس موقع پر عبدالباقی بڑیچ‘ ناظم یاسین بازئی ‘ ناظم صمد اچکزئی ور دیگر پر مشتمل وفد نے وزیراعظم کو کوئٹہ خصوصاً چلتن ٹاؤن کے مسائل سے آگاہ کیااوردیگر امور پر تبادلہ خیال کیا ۔ وزیراعظم نے انہیں یقین دہانی کرائی کہ بہت جلد کوئٹہ کیلئے خصوصی پیکج کا اعلان کیا جائے گا جس میں چلتن ٹاؤن کو خصوصی اہمیت دی جائے گی۔ انہوں نے سٹی ناظم کوئٹہ میر مقبول احمد لہڑی کو ہدایت کی ہے کہ وہ کوئٹہ کیلئے دیئے گئے20کروڑ روپے کے فنڈز کی کوئٹہ سٹی ‘ زرغون ٹاؤن اور چلتن ٹاؤن میں منصفانہ تقسیم کو یقینی بنائے ۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے کہا کہ نئے بلدیاتی نظام اور اختیارات کی نچلی سطح پر منتقلی سے عوام کے مسائل ان کی دہلیز پر حل ہورہے ہیں ۔ بلدیاتی نمائندوں کو چاہئے کہ وہ عوام کی صحیح ترجمانی کریں اور ان کے تمام مسائل حل کرنے میں خصوصی دلچسپی لیں۔انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت ضلعی حکومتوں کے تمام مسائل حل کر نے کی کوششیں کررہی ہیں کیونکہ موجودہ حکومت چاہتی ہے کہ ضلعی حکومتوں کے تحت عوام کے تمام مسائل حل ہواور ان کو تمام بنیادی سہولیات میسر ہو۔

انہوں نے کہا کہ صدر جنرل پرویز مشرف اور حکومت بلوچستان کی ترقی میں خصوصی دلچسپی لے رہے ہیں ۔ میگا پروجیکٹس سمیت دیگر ترقیاتی منصوبوں پر اربوں روپے خرچ کئے جارہے ہیں جن کی تکمیل سے بلوچستان میں ترقی کے نئے دور کا آغا ز ہوگا۔علاوہ ازیں وفد نے ڈپٹی چیئرمین سینٹ میر جان محمد جمالی ‘ پشتونخوا میپ کے چیئرمین اور پونم کے مرکزی صدر محمود خان اچکزئی ‘ پشتونخوا میپ کے دپٹی چیئرمین سینیٹر عبدالرحیم مندوخیل اور سینیٹر رضا محمد رضا سے بھی ملاقات کی اور علاقے کے مسائل کے علاوہ مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔