ایران کیخلاف طاقت کے استعمال کے خطرناک نتائج برآمد ہوسکتے ہیں، وزیراعظم شوکت عزیز،دہشت گردی کے خاتمے کیلئے اس کی وجوہات کا خاتمہ ضروری ہے، ایشیائی ممالک کی قیادت کو اپنی خامیاں دوسروں پر ڈالنے کی بجائے خود ذمہ داری لینا ہوگی، شوکت عزیز کا انسٹیٹیوٹ آف سٹریٹجک اسٹیڈیزکے سیمینار سے خطاب

جمعرات 15 فروری 2007 20:43

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔15فروری۔2007ء) وزیر اعظم شوکت عزیز نے کہا ہے کہ ایران کیخلاف طاقت کے استعمال کے خطرناک نتائج برآمد ہوسکتے ہیں، دہشت گردی کے خاتمے کیلئے اس کی وجوہات کا خاتمہ ضروری ہے، ایشیائی ممالک کی قیادت کو اپنی خامیاں دوسروں پر ڈالنے کی بجائے خود ذمہ داری لینا ہوگی۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے جمعرات کویہاں انسٹیٹیوٹ آف اسٹریٹجک سٹیڈیزکے زیر اہتمام منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس دوران وزیراعظم شوکت عزیز نے کہا کہ اگر ایران کیخلاف طاقت کا استعمال کیا گیا تو خطے میں اس کے خطرناک نتائج پیدا ہو سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دہشتگرد ی کی کوئی سرحد ہے نہ کوئی مذہب دہشتگردی کے خاتمے کیلئے اس کی وجوہات کا خاتمہ ضروری ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ایشیاء کے ممالک اپنی صلاحیتوں سے کم ترقی کر رہے ہیں قیادت کو اپنی خامیاں دوسروں پر ڈالنے کی بجائے خود ذمہ داری لینا ہو گی۔ وزیر اعظم نے کہا کہ غیر مستحکم ہمسایہ دوسرے ہمسایہ ممالک کیلئے بھی عدم استحکام کا باعث بنتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مذاکرات کے ذریعے خطے کے مسائل کو حل کرنا چاہتا ہے۔ بھارت کے ساتھ بات چیت کے عمل کو آگے بڑھا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر دنیا میں کوئی ایک ملک افغانستان میں استحکام چاہتا ہو گا تو وہ پاکستان ہے۔