سینٹ کی ہاؤس بزنس ایڈوائزری کمیٹی کا اجلاس، ملک کی پارلیمانی تاریخ میں بالکل نیا تجربہ کرنے جا رہے ہیں ،اجلاس پری بجٹ بحث کیلئے مختص ہو گا،ارکان اسے کامیاب بنانے کیلئے تعاون کریں،محمد میاں سومرو

جمعہ 16 فروری 2007 16:23

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔16فروری۔2007ء) سینٹ کی ہاؤس بزنس ایڈوائزری کمیٹی کا اجلاس جمعہ کو چیئرمین محمد میاں سومرو کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہاؤس میں منعقد ہوا جس میں مختلف جماعتوں کے سربراہوں نے شرکت کی- اجلاس میں ایوان بالا کے جمعہ سے شروع ہونے والے اجلاس کے طریقہ کار اور دیگر تفصیلات سے متعلق غور کیا گیا اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین سینٹ نے کہاکہ ہم آج سے شروع ہونے والے اس اجلاس کے دوران ملک کی پارلیمانی تاریخ میں بالکل نیا تجربہ کرنے جا رہے ہیں یہ اجلاس پری بجٹ بحث کیلئے مختص ہو گا- انہوں نے ارکان سے درخواست کی کہ وہ بجٹ کی تیاری کے دوران بامقصد اور قابل عمل تجاویز پیش کریں جنہیں بجٹ کی حتمی دستاویز میں شامل کیا جا سکے- انہوں نے ارکان پر زور دیا کہ وہ ایوان کو خوشگوار ماحول میں چلانے اور اس تجربے کو کامیاب بنانے کیلئے ہر ممکن کوشش کریں -انہوں نے بتایا کہ وقفہ سوالات کے بعد وزیر مملکت برائے خزانہ ایوان میں مالیاتی پالیسی سے متعلق بیان دیں گے جس کے بعد اقتصادی صورتحال پر عمومی بحث کی جائے گی- اجلاس میں ڈپٹی چیئرمین سینٹ جان محمد جمالی ،قائد ایوان وسیم سجاد،قائد حزب اختلاف رضا ربانی،چیف وہپ کامل علی آغاز اور مختلف جماعتوں کے سربراہوں نے شرکت کی-

متعلقہ عنوان :