قومی اسمبلی میں پیمبرا بل کی منظوری سے میڈیا کے شعبے میں مزید ترقی کی راہ ہموار ہو گی،وزیراعظم شوکت عزیز،حکومت اظہار رائے کی آزادی پر یقین رکھتی ہے تاہم اس آزادی کا ذمہ داری سے استعمال کیا جانا چاہیے، پیمرا اور ٹیلی کام کے حوالے سے الگ الگ اجلاس سے خطاب

ہفتہ 17 فروری 2007 22:12

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔17فروری۔2007ء) وزیر اعظم شوکت عزیز نے کہا ہے کہ قومی اسمبلی میں پیمرا بل کی منظوری سے میڈیا کے شعبے میں مزید ترقی کی راہ ہموار ہو گی، حکومت اظہار رائے کی آزادی پر یقین رکھتی ہے تاہم اس آزادی کا ذمہ داری سے استعمال کیا جانا چاہیے، ملک کی سالمیت اور خود مختاری کے خلاف پروگرام پیش کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، حکومت کی پالیسیوں کے نتیجے میں ٹیلی کام کے شعبے میں 9 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری ہوئی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتے کے روز یہاں پیمرا کی کارکردگی اور ٹیلی کام کے شعبے کے حوالے سے الگ الگ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی میں پیمرا بل کی منظوری سے میڈیا کے شعبے میں مزید ترقی کی راہ ہموار ہوئی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس بل کی منظوری سے نئے ٹی وی چینلز کی نشریات شروع کرنے کیلئے دیرینہ مطالبہ پورا کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت اظہار رائے کی آزادی پر یقین رکھتی ہے تاہم اس آزادی کا ذمہ داری سے استعمال کیا جانا چاہیے اور ملک کی سالمیت اور خود مختاری کے خلاف پروگرام پیش کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ وزیر اعظم نے اطلاعات و نشریات کے وزیر محمد علی درانی کی سربراہی میں ایک کمیٹی تشکیل دی جو مستقبل میں سرکاری اور نجی شعبے میں الیکٹرانک میڈیا کی ترقی کیلئے پالیسی وضع کرے گی۔

بعد ازاں ٹیلی کام کے شعبے کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے حوالے سے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرئے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ حکومت کی ڈی ایگریشن، پرائیوٹائزیشن اور لیبرالائزیشن کی پالیسیوں کے نتیجے میں ٹیلی کام کے شعبے میں 9 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری ہوئی ہے اور اس شعبے کی ترقی سے ملازمت کے 80 ہزار بلاواسطہ اور 55 لاکھ بلواسطہ مواقع پیدا ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹیلی کام شعبے کی ترقی سے عوام کو بھی فائدہ پہنچا ہے اور 70 فیصد آبادی کو کم نرخوں پر فون کی سہولت حاصل ہوئی ہے۔ وزیر اعظم کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ اس وقت ملک میں سیلولر اورفکسڈ لائن فون کی تعداد 5 کروڑ ہے اور حکومت کو ٹیلی کام کے شعبے سے سالانہ 80ارب روپے کے محاصل حاصل ہوئے ہیں۔