(ق) لیگ اور اتحادی جماعتیں عام انتخابات میں شاندار کامیابی حاصل کریں گی،وزیراعظم شوکت عزیز،عام آدمی کے معیار زندگی کو بہتر بنانے کیلئے ہر ممکن اقدام اٹھا رہے ہیں ، وزیر اعظم کی چوہدری شجاعت، چوہدری پرویز الٰہی اور ارباب غلام رحیم سے ملاقاتیں

پیر 19 فروری 2007 21:28

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔19فروری۔2007ء) وزیر اعظم شوکت عزیز نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ق) اور اس کی اتحادی جماعتیں عام انتخابات میں شاندار کامیابی حاصل کریں گی، حکومت ملک کو ترقی اور خوشحالی کی منزل تک پہنچا کر دم لے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو یہاں (ق) لیگ کے صدر چوہدری شجاعت حسین اور وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی سے ملاقات کے دوران کیا۔

وزیر اعظم نے کہا کہ حکومت نے گزشتہ سات برسوں میں ملک میں ترقی کے نئے دور کا آغاز کیا ہے جس قدر اقتصادی ترقی ان سات سالوں میں ہوئی اتنی پچاس سالوں میں نہ ہو سکی عام آدمی کے معیار زندگی کو بہتر بنانے کیلئے ہر ممکن اقدام اٹھائے جا رہے ہیں اس سلسلے میں حکومت کو خاطر خواہ کامیابیاں حاصل ہوئی ہیں عوام کی حالت زار بہتر ہونے سے دنیا میں پاکستان کے مقام اور وقار میں اضافہ ہوا ہے موجودہ حکومت کو کامیاب حکومت کے طور پر تسلیم کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام سیاسی طور پر باشعور ہیں اور وہ ملک میں ہونے والی اقتصادی ترقی کو محسوس کر رہے ہیں یہی ترقی عام انتخابات میں ہماری کامیابی کا باعث بنے گی۔ وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان مسلم امہ کا ایک ذمہ دار ملک ہے اسلامی دنیا کو درپیش مسائل کے حل کیلئے کردار ادا کرتے رہیں گے۔ اس موقع پر چوہدری شجاعت حسین اور چوہدری پرویز الٰہی نے مسئلہ فلسطین کے حل کیلئے صدر جنرل پرویز مشرف کی جانب سے کی جانے والی کوششوں کی تعریف کی اور امید ظاہر کی کہ اس مسئلہ سمیت عراق، افغانستان اور امہ کو درپیش مسائل بھی حل ہوں گے۔

چوہدری برادران نے سمجھوتہ ایکسپریس میں ہونے والے بم دھماکوں کی بھی شدید الفاظ میں مذمت کی۔ ملاقات میں چوہدری شجاعت حسین نے پارٹی کے تنظیمی معاملات پر بھی بات کی۔ اس کے علاوہ پنجاب میں امن و امان کی صورتحال پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ قبل ازیں سندھ کے وزیر اعلیٰ ڈاکٹر ارباب غلام رحیم نے سندھ میں حالیہ ضمنی انتخابات میں پاکستان مسلم لیگ کے نمائندے کی کامیابی پر انہیں مبارکباد دی۔

وزیر اعظم نے سندھ میں جاری مسلم لیگ کی رکنیت سازی کی مہم میں بھی وزیر اعلیٰ کی کوششوں کی تعریف کی۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے اس موقع پر وزیر اعظم کو صوبے کی مجموعی صورتحال خصوصاً زرعی شعبے میں جاری اصلاحات کے عمل اور کسانوں کو دی جانے والی مراعات کے حوالے سے تفصیلات سے آگاہ کیا۔