وزیراعظم شوکت عزیز کیخلاف دائر الیکشن پٹیشن کی سماعت پرسوں ہوگی

بدھ 21 فروری 2007 18:40

اٹک (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین21فروری2007 ) وزیراعظم شوکت عزیز اور وفاقی وزیرمحنت و افرادی قوت غلام سرور خان کی قومی اسمبلی سے نااہلی کیخلاف دائر شدہ الیکشن پٹیشن کی سماعت ایک ساتھ شروع ہوگی سماعت پنجاب الیکشن ٹربیونل اب پرسوں بروز جمعہ 23 فروری کو لاہور کی بجائے راولپنڈی ہائیکورٹ میں کرے گا جس کی سربراہی لاہور ہائیکورٹ کے جج مسٹر جسٹس سید زاہد حسین کریں گے۔

واضح رہے کہ شوکت عزیز اور غلام سرور خان کیخلاف انتخابی عذرداری ان کے سیاسی حریف اور کمیونسٹ پارٹی آف پاکستان کے چیئرمین انجینئر جمیل احمد ملک نے دائر کر رکھی ہے الیکشن پٹیشن میں شوکت عزیز کے امریکی شہری ہونے، غلط اثاثے ظاہر کرنے اور الیکشن قوانین کی پابندی نہ کرنے کے علاوہ دیگرقوقانونی نقاط بھی اٹھائے گئے ہیں جبکہ وفاقی وزیرغلام سرور خان کی پی اے کی ڈگری اوران کے مکینیکل انجینئرنگ کے ڈپلومہ کو چیلنج کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ سپریم کورٹ آف پاکستان کے فل بنچ جس کی سربراہی چیف جسٹس آف پاکستان خود کر رہے تھے نے 27 ستمبر 2006ء کو الیکشن ٹربیونل کو یہ ہدایات جاری کی تھیں کہ ٹربیونل آٹھ ہفتے کے اند وفاقی وزیر غلام سرورخان کی قومی اسمبلی سے نااہلی کیخلاف دائر شدہ الیکشن پٹیشن کا فیصلہ دے۔ وزیراعظم شوکت عزیز کے کیس کی پیروی سابق چیئرمین سینٹ بیرسٹر وسیم سجاد اورغلام سرور خان کے کیس کی پیروی ایڈووکیٹ ملک نور محمد اعوان اورسید محسن عباسی کر رہے ہیں جبکہ انجینئر جمیل ان الیکشن پٹیشنز کی پیروی خود ہی کر رہے ہیں۔