حکومت صحافیوں کی فلاح وبہبود پر خصوصی توجہ دے رہی ہے ۔ سردار عتیق۔۔دارلحکومت سمیت تمام اضلاع میں جدید ترین سہولیات سے آراستہ پریس کلب تعمیر کیے جائیں گے ۔ وزیراعظم آزاد کشمیر

جمعرات 22 فروری 2007 13:29

مظفرآباد(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین22فروری2007 ) وزیراعظم آزادکشمیر سردار عتیق احمدخان نے کہا ہے کہ حکومت صحافیوں کی فلاح وبہبود پر خصوصی توجہ دے رہی ہے اوردارلحکومت سمیت تمام اضلاع میں جدید ترین سہولیات سے آراستہ پریس کلب تعمیر کیے جائیں گے ۔پریس فاؤنڈیشن کو فعال بنانے کیلئے جسٹس غلام مصطفی کو چیئرمین بنادیا گیا ہے ۔مظفرآباد میں ایک اخبار اورکی مارکیٹ بھی تعمیر کی جائے گی ۔

ان خیالا ت کااظہار انہوں نے سینٹرل پریس کلب مظفرآباد کی نو منتخب انتظامیہ کی تقریب حلف برداری سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ صحافت مقدس شعبہ ہے تاہم موجودہ وقت میں یہ بہت عام ہوگئی ہے کہ جس کے بلا شبہ بہت سے فائدے بھی ہیں تاہم غیر تحقیقانہ رپورٹنگ کا رجحان بڑھ گیا ہے اوراخبارات خبروں میں ایک دوسرے کی تردید کررہے ہوتے ہیں۔

(جاری ہے)

مرچ مصالحہ سے اخبار کی سرکولیشن تو بڑھ جاتی ہے مگر قارئین اورعوام تک جو اطلاعات پہنچتی ہیں وہ مبہم اورغیر واضع ہوتی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ کشمیرکی صحافت ،سیاست اوردیگر شعبوں مٰں اپنی ایک تاریخ ہے اورہر شعبہ نے ہر دور میں پورے برصغیر میں ایک نام پیدا کیا ۔انہوں نے کہا کہ صحافیوں کو بیرون ملک دوروں پر سرکاری وفد میں بھیجا جائے گا۔

تاہم اس سے قبل یہ دیکھا جائے گا کہ جس مقصد کے لیے وہ جارہے ہیں اسے وہ کس حد تک پورا کرسکتے ہیں۔انہوں نے سرکاری خرچ پر آزادکشمیر سے9رکنی سرکاری صحافتی وفد مقبوضہ کشمیر بھیجنے کے علاوہ سینٹرل پریس کلب اورآزادکشمیر پریس فاؤنڈیشن کے لیے 5,5لاکھ روپے کیش گرانٹ کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ پریس فاؤنڈیشن کو فعال بنایا جائے گا اورایکٹ میں تمام ضروری ترامیم کریں گے۔

قبل ازیں سینٹرل پریس کلب کے صدر روشن مغل نے خطبہ استقبالیہ میں وزیراعظم کو خوش آمدید کہا اورصحافیوں کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا ۔انہوں نے بتایا کہ زلزلے کے فوری بعد صحافیوں نے اپنے فرائض منبی شروع کردیئے تھے ۔تاہم آج تک ان کی بحالی کا عمل مکمل نہ ہوسکا۔ وزیراعظم آزادکشمیر نے نو منتخب انتظامیہ صدر روشن مغل ،سینئر نائب صدر عبدالوحید کیانی ،نائب صدر ظہیر احمد جگوال ،جنرل سیکرٹری راجہ افتخار احمد ،ڈپٹی سیکرٹری جہانگیر اعوان اورسیکرٹری مالیات سہیل مغل سے حلف لیا۔

سینئر صحافی اورالیکشن کمشنر عبدالقدوس عشرت نے انتخابات میں کامیابی کانوٹیفکیشن پڑھ کر سنایا ۔تقریب میں کابینہ حکومت واپوزیشن کے ممبر اسمبلی اعلیٰ سول وفوجی حکام وکلاء تاجروں اوردیگر شخصیات بڑی تعداد میں موجود تھیں ۔

متعلقہ عنوان :