پاکستان کا حتفVI شاہین ٹو میزائل کا کامیاب تجربہ ۔ صدر و وزیراعظم کی مبارکباد۔۔کم سے کم دفاعی صلاحیت برقرار رکھنے کی پالیسی پر کاربند ہیں‘ اسٹریٹیجک پروگرام کو قومی سلامتی کی ضرورت کے پیش نظر خاص طور پر مضبوط بنایا جائے گا ۔ جنرل احسان الحق

جمعہ 23 فروری 2007 10:40

پاکستان کا حتفVI شاہین ٹو میزائل کا کامیاب تجربہ ۔ صدر و وزیراعظم کی ..
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین23فروری2007 ) پاکستان نے زمین سے زمین پر دو ہزار کلومیٹر کے فاصلے تک مار کرنے والے حتف VIشاہین ٹو کا کامیاب تجربہ کیا ہے میزائل ہر قسم کے وار ہیڈ ساتھ لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے‘ جبکہ صدر اور وزیراعظم نے میزائل کے کامیاب تجربے پر سائنسدانوں اور تمام ٹیم کو مبارکباد دی ہے۔تفصیلات کے مطابق پاکستان نے جمعہ کو زمین سے زمین پر مار کرنے والے میزائل حتف VI شاہین ٹو میزائل کا کامیاب تجربہ کیا جس نے اپنے ہدف کو کامیابی سے نشانہ بنایا۔

حتف VI شاہین ٹو پاکستان کا سب سے زیادہ فاصلے تک مار کرنے والا بیلسٹک میزائل ہے جس کی رینج 2000 کلو میٹر ہے۔حتف VI شاہین ٹو میزائل ہر طرح کا وارہیڈ اپنے ساتھ لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے یہ تجربہ پاکستان کے مختلف زمینی اسٹریٹیجک میزائل سسٹمز کے تکنیکی معیار کو بہتر بنانے کے عمل کا حصہ ہے۔

(جاری ہے)

حتف VI شاہین ٹو میزائل ٹو سٹیج سالڈ فیول میزائل ہے جو جوہری اور روایتی وار ہیڈ لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

تجربے کے موقع پر چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل احسان الحق اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔ اس موقع پر جنرل احسان الحق نے میزائل کے کامیاب تجربہ پر پاکستان اسٹریٹیجک آرگنائزیشنز کے سائنسدانوں ، انجینئرز کو اس اہم کامیابی پر مبارکباد دی اور کہا کہ اس میزائل کے کامیاب تجربے سے ثابت ہوتا ہے کہ پاکستان کم سے کم دفاعی صلاحیت برقرار رکھنے کی پالیسی پر کاربند ہے جو خطے میں امن کی ضامن ہے جنرل احسان الحق نے کہا کہ ملک کی دفاعی ضرورت کو پورا کرنا حکومت کی ایک ترجیح رہے گی اور ملک کے اسٹریٹیجک پروگرام کو قومی سلامتی کی ضرورت کے پیش نظر خاص طور پر مضبوط بنایا جائے گا۔

میزائل کے کامیاب تجربے پر صدر جنرل پرویز مشرف اور وزیر اعظم شوکت عزیز نے میزائل کی تیاری میں شامل تمام ٹیم کو خصوصی مبارکباد دی ہے۔

متعلقہ عنوان :