وفاقی حکومت سرحد میں ایف سی کی نفری بڑھانے کیلئے صوبائی حکومت کی درخواست پر غور کریگی، وزیراعظم شوکت عزیز،گوادر پورٹ کے افتتاح سے بلوچستان میں ترقی کے نئے دورکا آغازہوگا، وزیراعظم کی وزیراعلیٰ سرحد اور بلوچستان کے ساتھ الگ الگ ملاقاتوں کے دوران گفتگو

جمعہ 23 فروری 2007 21:14

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔23فروری۔2007ء) وزیراعظم شوکت عزیز نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت صوبہ سرحد میں امن و امان برقراررکھنے کیلئے فرنٹیئر کانسٹیبلری کی نفری ترجیح بنیاد پر بڑھانے کیلئے صوبائی حکومت کی درخواست پر غور کرے گی، گوادر پورٹ کے افتتاح سے بلوچستان میں ترقی کے نئے دور کا آغاز ہوگا۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے جمعہ کے روزیہاں وزیراعلیٰ سرحد اکرم خان درانی اور وزیراعلیٰ بلوچستان جام محمد یوسف سے الگ الگ ملاقاتوں کے دوران کیا۔

وزیراعلیٰ سرحد سے ملاقات کے دوران وزیراعظم شوکت عزیز نے کہا کہ شانگلہ اور کوہستان کے زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں بنیادی سہولتوں کے نظام کیلئے 7 ارب 80 کروڑ روپے کی اضافی رقم کے اجراء سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ حکومت نے صوبہ سرحد کے زلزلے سے متاثرہ علاقوں کی جلد بحالی اور تعمیر نو کا عزم کر رکھاہے۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے کہا کہ وفاقی حکومت صوبہ سرحد میں امن و امان بڑھانے کیلئے فرنٹیئر کانسٹیبلری کی نفری ترجیح بنیاد پر بڑھانے کیلئے صوبائی حکومت کی درخواست پر غور کرے گی۔

وزیراعلیٰ نے وزیراعظم کو صوبے میں امن و امان کی تازہ ترین صورتحال اور وہاں امن و سلامتی کو یقینی بنانے کیلئے حکومتی اقدامات کے بارے میں بتایا۔ بلوچستان کے وزیراعلیٰ جام محمد یوسف سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم شوکت عزیز نے کہا کہ گوادر کی گہرے سمندر کی بندرگاہ سے جس کا افتتاح مارچ میں ہوگا صوبے میں ترقی اورخوشحالی کے ایک نئے دورکا آغازہوگا۔ انہوں نے کہا کہ گوادر پورٹ کے افتتاح سے بلوچستان کے عوام کیلئے ہزاروں نوکریاں اور نئے کاروبار پیدا ہوں گے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان کے عوام صدر مشرف اور وزیراعظم شوکت عزیز کی طرف سے بلوچستان کی ترقی اورخوشحالی کیلئے ذاتی دلچسپی لینے پر نہایت شکر گزار ہیں۔