کامیاب اصلاحات کے نفاذ سے ملکی معیشت ترقی کی راہ پر گامزن ہو گئی ہے،وزیراعظم شوکت عزیز،بینکنگ اور مالیات کا شعبہ بہتر انداز میں ترقی کر رہا ہے، عالمی امن کیلئے مشرق وسطیٰ میں قیام امن ضروری ہے، ایشیائی ترقیاتی بنک کے ڈائریکٹر جنرل پام ارانڈہ اور جرمنی و سعودی عرب کے ذرائع ابلاغ کے وفد سے گفتگو

جمعہ 23 فروری 2007 22:44

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔23فروری۔2007ء) وزیر اعظم شوکت عزیز نے کہا ہے کہ اصلاحات کے کامیاب نفاذ سے ملک کی معیشت ترقی کی راہ پر گامزن ہو گئی ہے اور بینکنگ اور مالیات کا شعبہ بہتر انداز میں ترقی کر رہا ہے، عالمی امن کیلئے مشرق وسطیٰ میں قیام امن ضرور ی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کے روز یہاں ایشیائی ترقیاتی بنک کے ڈائریکٹر جنرل پام ارانڈہ اور جرمنی اور سعودی عرب کے ذرائع ابلاغ کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

ایشیائی ترقیاتی بنک کے ڈائریکٹر جنرل سے بات چیت کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ بنک سینکشن فنڈ اور انشورنس کے نظام کی تکمیل نو کیلئے پاکستان کی مدد کرے۔انہوں نے کہا کہ اصلاحات کے کامیاب نفاذ سے ملک کی معیشت ترقی کی راہ پر گامزن ہو گئی ہے اور بینکنگ اور مالیات کا شعبہ بہتر انداز میں ترقی کر رہا ہے۔

(جاری ہے)

وزیر اعظم نے ایشیائی ترقیاتی بنک سے کہا کہ وہ پاکستان میں انفراسٹرکچر کو مضبوط بنانے اور آبی ذخائر کی تعمیر کیلئے اپنا کردار بڑھائے ۔

اس موقع پر مسٹر پام ارانڈہ نے کہا کہ بنک زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں مکانوں کی تعمیر کیلئے نرم شرائط پر چالیس کروڑ ڈالر کا قرضہ دے گا اس کے علاوہ کراچی میں ایکسپریس وے کی تعمیر کیلئے 80 کروڑ ڈالر فراہم کئے جائیں گے۔ جرمنی اور سعودی عرب کے ذرائع ابلاغ کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ وسیع البنیاد انسٹرکچر اصلاحات کے باعث سیاسی، اقتصادی اور معاشی شعبوں میں ترقی کا عمل جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنے مخصوص جغرافیائی محل وقوع کے باعث اقتصادی تعاون کو فروغ دے رہا ہے ۔بھارت کے ساتھ تعلقات کے بارے میں انہوں نے کہا کہ ہم کشمیری سمیت تمام معاملات کو بات چیت کے ذریعے حل کرنا چاہتے ہیں لیکن مسئلے کے حل کیلئے کشمیری عوام کی خواہشات کو مدنظر رکھا جانا چاہیے۔ وزیر اعظم نے مسئلہ فلسطین کے حل کیلئے صدر جنرل پرویز مشرف کی کوششوں کا ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ عالمی امن کیلئے مشرق وسطیٰ میں قیام امن ضروری ہے۔