آئندہ عام انتخابات شفاف اور منصفانہ ہوں گے‘ وزیر اعظم شوکت عزیز،مسلم لیگ عوامی جماعت ہے جس نے عالمی سطح پر پاکستان کا وقار بلند کیا ہے، مسلم لیگ اور اس کی اتحادی جماعتیں اپنی کارکردگی کی بنیاد پر آئندہ الیکشن میں کامیابی حاصل کریں گے، وزیراعظم کی اراکین پارلیمنٹ کے وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو

ہفتہ 24 فروری 2007 20:45

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24فروری۔2007ء) وزیر اعظم شوکت عزیز نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ عوامی جماعت ہے جس نے عالمی سطح پر پاکستان کا وقار بلند کیا ہے، آئندہ انتخابات شفاف اور منصفانہ ہوں گے، پاکستان مسلم لیگ اور اس کی اتحادی جماعتیں اپنی کارکردگی کی بنیاد پر آئندہ انتخابات میں کامیابی حاصل کریں گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتے کے روز یہاں اراکین پارلیمنٹ کے ایک وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ ایک عوامی جماعت ہے جس نے عالمی سطح پر پاکستان کا وقار بلند کیا ہے اور ملک میں خوشحالی کے ایک نئے دور کا آغاز ہوا ہے جو ماضی کی کسی حکومت کے دور میں دیکھنے میں نہیں آیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے قائداعظم کے خواب کوحقیقت کیا ہے اور مستقبل میں بھی اپنی پالیسیوں میں تسلسل برقرار رکھیں گے۔

(جاری ہے)

وزیر اعظم شوکت عزیز نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ اور اس کی اتحادی جماعتیں آئندہ عام انتخابات میں اپنی کارکردگی کی بنیاد پر حصہ لیں گی اور قائداعظم کے روشن خیالی کے نظریئے پر عمل کرتی رہیں گی۔

انہوں نے کہا کہ آئندہ انتخابات شفاف اور منصفانہ ہوں گے پاکستان مسلم لیگ اور اس کی اتحادی جماعتیں کامیاب ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات کو مانیٹر کرنے کیلئے ملکی اور غیر ملکی مبصرین کواجازت ہو گی ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان کے عوام سیاسی طور پر باشعور اور باصلاحیت ہیں اور حکومت کی جانب سے کئے گئے اقدامات کو سراہتے ہیں۔ وزیر اعظم نے کہا کہ حکومت ملک کے تمام حصوں کو بجلی اور صاف پینے کے پانی کی فراہمی کیلئے اقداات کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ صوبوں میں قدرتی گیس اور سڑکوں کی تعمیر کے مختلف منصوبے شروع کئے گئے ہیں جبکہ حکومت تعلیم اور صحت کے شعبے پر بھی خصوصی توجہ دے رہی ہے۔ وزیر اعظم نے اراکین پارلیمنٹ سے کہا کہ وہ اپنے حلقوں میں جاری ترقیاتی کاموں کی بروقت تکمیل اور عوام کی فلاح و بہبود کیلئے اقدامات کریں۔ وفد میں راشد اکبر خان، رحمن نصیر چوہدری اور مسز سمیعہ اختر شامل تھے۔