اے پی سی ملک میں سیاسی تبدیلی کا پیش خیمہ ہو گی، آل پارٹیز کانفرنس میں تمام اپوزیشن جماعتوں نے شرکت کی تصدیق کردی،نوازشریف

بدھ 28 فروری 2007 22:17

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔28فروری۔2007ء) پاکستان مسلم لیگ(ن) کے سربراہ میاں محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ لندن میں ہونے والی آل پارٹیز کانفرنس میں تمام اپوزیشن جماعتوں نے شرکت کی تصدیق کردی ہے جبکہ اس کانفرنس میں بحالی جمہوریت، آزادانہ منصفانہ انتخابات، عدلیہ کی آزادی، عوام کو مہنگائی، بدامنی اور بیروزگاری جیسے مسائل سے نجات دلانے پر بھی غورہوگا۔

جنرل مشرف نے ملک کے قومی اداروں کو تباہی کے بحران سے دو چار کردیا ہے جمعرات کویہاں مسلم لیگ(ن) کے مرکزی سیکرٹریٹ میں اے پی سی کے حوالے سے انتظامات کاجائزہ لینے کیلئے طلب کردہ اجلاس سے ٹیلی فونک خطاب کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ کے قائد نے کہا کہ گزشتہ سات سالوں میں ملک کو بدترین قومی اداروں کی تباہی کے بدترین بحران سے دو چار کردیا گیا ہے ملک کے تمام ادارے رفتہ رفتہ مفلوج ہورہے ہیں پارلیمنٹ ربڑ اسٹمپ بنا دی گئی ہے، عدلیہ پر عوام کا اعتماد نہیں ،پولیس اور ضلعی انتظامیہ کو مفلوج کردیا گیا ہے جس سے ملک میں جرائم کا طوفان برپا ہو گیا ہے انہوں نے کہاکہ معاشی اور کاروباری اداروں کی نگرانی کا نظام غیر موثر بنا دیا گیا ہے جس سے عام آدمی اور صارفین کے مفادات کی نگہبانی کا کوئی نظام برقرار نہیں رہا اور اب قومی ایئر لائن پر یورپی یونین کی طرف سے پابندیاں پوری قوم کیلئے بدنامی کاباعث بنی ہیں انہوں نے کہاکہ اے پی سی کا مقصد پاکستان کو درپیش موجودہ بحران کا حقیقی جمہوریت کی بحالی کے ذریعے حل تلاش کرنا ہے ۔

(جاری ہے)

آل پارٹیز کانفرنس میں بحالی جمہوریت، آزاد منصفانہ انتخابات کو یقینی بنانا، عدلیہ کی آزادی کے ساتھ ساتھ عوام کو مہنگائی،بدامنی اور بے روزگاری جیسے مسائل سے نجات دلانے پر بھی غور ہو گا انہوں نے کہاکہ اے پی سی کا مقصد بحال جمہوریت کے بنیادی نکات پر اپوزیشن جماعتوں کی مشترکہ حکمت عملی واضح کرنا ہے اے پی سی ملک میں سیاسی تبدیلی کا پیشہ خیمہ ثابت ہو گی ۔