بے نظیر معاملہ فہم ہیں اتنی بھولی نہیں جتنا نواز شریف اور ان کی ٹیم نے انہیں سمجھ رکھا ہے ۔شیخ رشیداحمد۔۔نالہ لئی ایکسپریس وے کا میگا پراجیکٹ راولپنڈی کی تاریخ بدل دے گا‘وزیر ریلوے کا صرافہ یونین کے نو منتخب عہدیداروں کی تقریب حلف برداری سے خطاب

جمعہ 2 مارچ 2007 16:07

بے نظیر معاملہ فہم ہیں اتنی بھولی نہیں جتنا نواز شریف اور ان کی ٹیم ..
راولپنڈی (اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار02 مارچ2007) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ لندن اے پی سی میں بے نظیر بھٹو کی عدم شرکت کے اعلان نے ثابت کر دیا ہے کہ وہ اتنی بھولی نہیں جتنا نواز شریف اور ان کی ٹیم نے ان کو سمجھ رکھا تھا- بی بی معاملہ فہم ہیں اور آج کے دور کی سیاست عالمی سیاست کو سامنے رکھ کر کرنا ہو گی- لندن میں بڑا اتحاد نہیں بلکہ ایک نئی آئی جے آئی بنے گی- صدر جنرل پرویز مشرف اور وزیراعظم شوکت عزیز کی قابل عمل پالیسیوں اور انقلابی اصلاحات کی بدولت ملک تعمیر و ترقی اور عوامی خوشحالی کے ایک نئے دور میں داخل کر دیا ہے-نالہ لئی ایکسپریس وے کا میگا پراجیکٹ راولپنڈی کی تاریخ بدل دے گا-23 مارچ کو راولپنڈی کی سیاست تعمیر وترقی اور عوامی خوشحالی کے ایک نئے دور کی بنیاد رکھی جائے گی- وہ جمعتہ المبارک کو لیاقت ہال راولپنڈی میں صرافہ یونین کے نو منتخب عہدیداروں کی تقریب حلف برداری کی پروقار تقریب سے خطاب کر رہے تھے وزیرریلوے شیخ رشید احمد نے کہاکہ 14 ارب روپے کی لاگت سے مکمل ہونے والی نالہ لئی ایکسپریس وے سے راولپنڈی کے عوام کو اسلام آباد جانے کیلئے ایک اور نیا روٹ ملے گا جس سے مری روڈ پر ٹریفک کے رش کو کم کرنے اور ٹریفک بہاؤ کو رواں دواں رکھنے میں بڑی مدد ملے گی انہوں نے کہاکہ اس منصوبے کیلئے 7 ارب روپے وفاق اور 7 ارب روپے صوبائی حکومت فراہم کرے گی اور فوج کے ذیلی ادارے ایف ڈبلیو او کو اس میگا پراجیکٹ کا کنٹریکٹ دینے کا اصولی فیصلہ ہو گیاہے جس کا سنگ بنیاد 23 مارچ کو رکھا جائے گا وزیر ریلوے نے کہاکہ راولپنڈی میں تمام طبقوں کو زندگی کی بنیادی سہولیات کی فراہمی اور ریلیف کیلئے تمام وسائل اور صلاحیتوں کو بروئے کار لایا جا رہا ہے اور صدر جنرل پرویز مشرف اور وزیراعظم شوکت عزیز سمیت وزیراعلی پنجاب چوہدری پرویز الہی نے وسائل کا رخ راولپنڈی کی طرف موڑ دیا ہے-شیخ رشید احمد نے کہاکہ موجودہ اپوزیشن خود تقسیم اور تفریق کا شکار ہے موجودہ حکومت کے خلاف اپوزیشن کا مشترکہ بڑا اتحاد نہیں بن سکتا انہوں نے کہاکہ بے نظیر بھٹو کی جانب سے اے پی سی میں عدم شرکت کے فیصلے نے میری اس بات کو سچ کر دکھایا ہے کہ لندن اے پی سی میں بڑا اتحاد نہیں بلکہ نئی آئی جے آئی بنے گی وزیرریلوے نے کہا کہ بی بی موجودہ حالات کے تناظر میں ایک معاملہ فہم سیاستدان ہیں جس کی عکاسی اے پی سی میں شرکت نہ کرنے کے فیصلے سے بھی ہوتی ہے- انہوں نے کہاکہ نواز شریف اور ان کی ٹیم بی بی کو بہت بھولی سمجھ رہے تھے مگر ان کے فیصلے نے ثابت کر دیا ہے کہ وہ اتنی بھی بھولی نہیں ہیں وزیر ریلوے نے کہاکہ موجودہ سیاستدانوں کو عالمی سیاست کو سامنے رکھ کر سیاست کرنا ہو گی موجودہ حالات کے تناظر میں اے پی سی حکومت کیلئے خطرے کا باعث نہیں بن سکتی-قبل ازیں صرافہ یونین کے مرکزی رہنماؤں نے بھی خطاب کیا اور خطبہ استقبالیہ پیش کیا وزیر ریلوے نے نو منتخب عہدیداروں کو مبارکباد پیش کی اور صرافہ یونین کو بھرپور تعاون کی یقین دہانی کراوی اور کہا کہ ان کے مسائل کے حل کیلئے تمام وسائل اور صلاحیتوں کو بروئے کار لایا جائے گا-