تیرہویں ٹورڈی پاکستان انٹرنیشنل سائیکل ریس کا چوتھا مرحلہ نیوزی لینڈ کے سائیکلسٹ رابن ریڈ نے جیت لیا

بدھ 7 مارچ 2007 20:17

رحیم یار خاں (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔7مارچ۔2007ء) تیرہویں ٹورڈی پاکستان انٹرنیشنل سائیکل ریس کا چوتھا مرحلہ نیوزی لینڈ کے سائیکلسٹ رابن ریڈ نے جیت لیا،پاکستان کے غلام عباس دوسرے اور لوریز مائیک تیسرے نمبر پر رہے ۔دوران سفر گر جانے سے افغانی سائیکل سوار زخمی ہو گیا۔ ٹورڈی پاکستان سائیکل ریس کے سب سے طویل مرحلہ کا آغاز سکھر سے ہوا جو کہ 178کلو میٹر پر محیط ہے ۔

نیوزی لینڈ سے تعلق رکھنے والے رابن ریڈ نے مقررہ فاصلہ 4گھنٹے 39منٹ اور 22سیکنڈ میں طے کر کے پہلی پوزیشن جبکہ پاکستان کے غلام عباس نے مقررہ فاصلہ4 گھنٹے 39منٹ اور 57سیکنڈ میں طے کر کے دوسری پوزیشن حاصل کی جبکہ لوریز مائیک نے مقررہ فاصلہ4 گھنٹے 40منٹ اور 45سیکنڈ میں طے کر کے تیسری پوزیشن حاصل کی ۔

(جاری ہے)

سکھر سے رحیم یار خان پہنچنے پر ڈی او آر سید نجف علی بخاری،ڈی او سی میاں سعید احمد،ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر سید وقار حسین گیلانی سمیت دیگر معززین نے سائیکل سواروں کا استقبال کیا اور انہیں ہار پہنائے ۔

کراچی سے رحیم یار خاں پہنچنے تک سائیکل سوار 644کلو میٹر کا فاصلہ طے کر چکے ہیں ٹورڈی پاکستان سائیکل ریس میں آج آرام کا دن ہے ریس کا پانچواں مرحلہ کل رحیم یار خاں سے شروع ہو کر بہاولپور میں اختتام پذیر ہو گا ۔اس سائیکل ریس میں پاکستان کے علاقہ نیوزی لینڈ،کینڈا،افغانستان اور سری لنکا کے سائیکلسٹ بھی شامل ہیں ۔ٹورڈی پاکستان سائیکل ریس کی رحیم یار خاں آمد پر حفاظتی اقدامات کئے گئے تھے ۔

متعلقہ عنوان :