سمجھوتہ ایکسپریس حادثے کی تہہ تک پہنچیں گے‘ ملزمان کو کیفر کردار تک پہنچانے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ شوکت عزیز۔ بھارت نے ابھی تک حادثے کی واضح رپورٹ پیش نہیں کی . وزیر اعظم نے جاں بحق ہونے والوں کے ورثاء میں 5,5لاکھ اور زخمیوں میں ایک ایک لاکھ روپے تقسیم کئے

ہفتہ 10 مارچ 2007 13:29

لاہور ( اردوپوئنٹ تازہ ترین اخبار10 مارچ2007) وزیر اعظم شوکت عزیز نے کہا ہے کہ سمجھوتہ ایکسپریس حادثے کی تہہ تک پہنچیں گے اور ملزمان کو کیفر کردار تک پہنچانے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ بھارت نے حادثے کی ابھی تک واضح رپورٹ نہیں دی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتے کے روز یہاں سانحہ سمجھوتہ ایکسپریس میں جاں بحق اور زخمی ہونے والے افراد کے لواحقین میں امدادی چیک تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

وزیر اعظم نے سانحہ سمجھوتہ ایکسپریس میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لئے خصوصی دعا کی اور زخمیوں کو مکمل علاج کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے سمجھوتہ ایکسپریس حادثے کو بدترین دہشت گردی قرار دیا اور کہا کہ اس حادثے کی تہہ تک پہنچیں گے اور جب تک ملزمان کو کیفر کردار تک نہیں پہنچائیں گے چین سے نہیں بیٹھیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہم نے بھارت سے کہا تھا کہ واقعہ کی مشترکہ تحقیقات کی جائیں لیکن اس نے ہماری بات نہیں مانی ‘ شوکت عزیز نے کہا کہ ہم بھارت سے ایک بار پھر کہتے ہیں کہ سمجھوتہ ایکسپریس میں ہونے والی دہشت گردی کی تحقیقات سے ہمیں آگاہ کریں۔

انہوں نے کہا کہ ہم بھارت کے ساتھ اچھے تعلقات کے خواہاں ہیں امید ہے کہ بھارت اس کا مثبت جواب دے گا۔ اس موقع پر وزیر اعظم نے کہا کہ واقعہ کے بعد ریلوے نے جس کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے ہمیں اس پر فخر ہے۔ حکومت سمجھوتہ ایکسپریس کے مسافروں کی سہولیات مزید بہتر بنائے گی اور مسافروں کے جان و مال کے تحفظ کے لئے سیکیورٹی مزید سخت کی جائے گی۔

تقریب میں وزیر اعظم نے سانحہ میں جاں بحق ہونے والے افراد کے ورثاء کو 5لاکھ روپے فی کس اور 5زخمیوں کے ورثاء کو ایک لاکھ روپے فی کس کے امدادی چیک دئیے۔ اس موقع پر انہوں نے زخمیوں کیلئے شیخ زید ہسپتال میں مفت علاج کا اعلان کیا اور ہسپتال کے لئے 5 کروڑ روپے سالانہ امداد کا اعلان بھی کیا۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہی ‘ گورنر خالد مقبول ‘ وزیر ریلوے شیخ رشید احمد اور اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :