غیر فعال چیف جسٹس کا کھلی چھت والی گاڑی کی فراہمی کا مطالبہ

بدھ 14 مارچ 2007 21:51

اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔14مارچ۔2007ء ) غیرفعال چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کی سپریم جوڈیشل کونسل کے سامنے پیشی کے بعد کھلی چھت والی گاڑی کی فراہمی کا مطالبہ سامنے آیا۔ ذرائع کے مطابق منگل کے روز جب سپریم جوڈیشل کونسل کے سامنے پیش ہونے کے بعد غیر فعال چیف جسٹس اپنے ساتھیوں کے ساتھ اپنی رہائش گاہ کی طرف جانے کیلئے سپریم کورٹ کی عمارت کے اندر سے نکلنے لگے تو پولیس نے انہیں سرکاری گاڑی کی دستیابی کے بارے میں بتایا اور کہا کہ وہ سرکاری گاڑی میں تشریف رکھیں لیکن انہوں نے سرکاری گاڑی میں بیٹھنے سے انکار کر دیا اس موقع پر ان کے ہمراہ دیگر لوگ بھی موجود تھے جنہوں نے پولیس سے کھلی چھت والی گاڑی کی فراہمی کا مطالبہ کیا تاہم اس دوران پولیس کے پاس ایسی گاڑی دستیاب نہیں تھی۔

(جاری ہے)

پولیس کی طرف سے کھلی چھت والی گاڑی دینے کے انکار پر غیر فعال چیف جسٹس نے پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنما و سپریم کورٹ کے سینئر وکیل اعتزاز احسن سے کہا کہ وہ ان کیلئے کھلی چھت والی گاڑی کا انتظام کریں جس پر اعتزاز احسن نے پیپلزپارٹی کے ایم این اے زمرد خان کوگاڑی لانے کو کہا جس کے بعد غیر فعال چیف جسٹس سرکاری گاڑی کے بجائے زمرد خان کی گاڑی پر اپنی رہائش گاہ کی طرف روانہ ہوئے۔

ذرائع کے مطابق قبل ازیں جب پولیس اہلکار غیرفعال چیف جسٹس کو صبح کے وقت ان کی رہائش گاہ سے لینے کیلئے گئے اور کہا کہ سرکاری گاڑی دستیاب ہے تو اس دوران انہوں نے سرکاری گاڑی پر بیٹھنے سے انکار کر دیا تو ان سے درخواست کی گئی کہ وہ دوسری سرکاری گاڑی پر بیٹھیں تو اس پر انہوں نے کہا کہ وہ پیدل جائیں گے انہیں پریشان نہ کیا جائے۔

متعلقہ عنوان :